ریاض(ملت ٹائمزایجنسیاں
سعودی شاہی دفتر کے مشیر اور کنگ سلمان سینٹر فار ہیومنیٹیرین ایڈ اینڈ ریسکیو کے نگرانِ عام ڈاکٹر عبدالعزیز الربیعہ نے منگل کے روز بتایا ہے کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مرکز کو 1.5 کروڑ امریکی ڈالر مختص کرنے کی ہدایت کی ہے اور یہ رقم جو میانمار میں نسل کشی اور تشدد کے سبب فرار ہونے والے روہنگیا مسلمان مہاجرین پر خرچ کی جائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی کو دیے گئے بیان میں الربیعہ نے بتایا کہ حالیہ اقدام خادم حرمین شریفین کی جانب سے میانمار کے آفت زدہ مہاجرین کی امداد کے سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد مسلمان بھائیوں کے دکھوں میں کمی لانا اور ان کو ہر قسم کی انسانی امداد فراہم کرنا ہے۔ڈاکٹر الربیعہ کے مطابق ہدایات جاری ہونے کے بعد آئندہ چند گھنٹوں میں کنگ سلمان سینٹر کی ٹیم بنگلہ دیش روانہ ہو جائے گی تا کہ روہنگیا مسلمانوں کے حالات سے آگاہ ہوا جا سکے۔ اس کے بعد ان کے لیے فوری نوعیت کی ہنگامی امداد روانہ کر دی جائے گی۔شاہی دفتر کے مشیر کے مطابق رمضان المبارک میں میانمار میں راخائن کے علاقے میں غذائی مواد پر مشتمل (1940400) باسکٹیں تقسیم کی گئیں جن سے 116424 افراد مستفید ہوئے۔
الربیعہ نے بتایا کہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف امیگریشن (IOM) کے تعاون سے راخائن سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو مختلف شہروں میں بسایا گیا۔ اس سلسلے میں 35 دیہات کے 17500 افراد کو معاونت پیش کی گئی۔علاوہ ازیں کنگ سلمان سینٹر کوالالمپور میں سعودی سفارت خانے کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے ملائیشیا میں روہنگیا مہاجرین کی سپورٹ کے لیے منصوبہ تیار کر رہا ہے۔