نیویارک(ملت ٹائمزایجنسیاں)
بنگلہ دیشی وزیر اعظم حسینہ واجد نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ایک محفوظ علاقہ تشکیل دیا جائے۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق نیو یارک میں جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران شیخ حسینہ واجد نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسلی صفائی روکی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں واقع کاکس بازار میں روہنگیا مسلمانوں کے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے میرا دل خون کے آنسو رو گیا جہاں یہ لوگ انتہائی کسمپرسی ،غربت اور بھوکے پیاسے زندگی کی ڈور تھامے ہوئے ہیں۔ حسینہ واجد نے بتایا کہ اس وقت ہمارے ملک میں 8 لاکھ روہنگیا مسلمان موجود ہیں جبکہ بنگلہ دیش اور میانمار کے درمیان سرحد کی صورت حال ان مہاجرین کی وجہ سے بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے جس کے خاتمے کے لیے میری اقوام متحدہ سے گزارش ہے کہ وہ ایک محفوظ علاقہ قائم کرتے ہوئے ان مہاجرین کو آباد کرے