روس میں شاہ سلمان کا شاندار استقبال ،دورہنماﺅں کے درمیان ملاقات جاری

ماسکو (ملت ٹائمزایجنسیاں)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور روسی صدر ولادی میر پوتین کے درمیان ماسکو میں تاریخی ملاقات جاری ہے۔شاہ سلما ن نے ماسکو آمد پر شاندار استقبال پر روسی صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔ان کی بات چیت کے ایجنڈے میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات بالخصوص دفاعی شعبے میں تعاون ، شام اور یمن سمیت مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور سرفہرست ہیں۔
العربیہ کے مطابق روسی صدر نے شاہ سلمان سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ملک کے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی تعلقات کو سراہا اور کہا کہ ” مجھے اعتماد ہے کہ آپ کے دورے سے دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی“۔اس کے جواب میں شاہ سلمان نے اپنے پرجوش استقبال پر روسی صدر کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماوں کی ملاقات کے موقع پر روس اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعاون سے متعلق دس بڑے سمجھوتوں پر دست خط متوقع ہیں۔ کریملن کے ایک بیان کے مطابق سمجھوتوں سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ کسی بھی سعودی بادشاہ کی جانب سے یہ روس کا پہلا سرکاری دورہ ہے جس پر روسی صدر کی جانب سے شاہ سلمان کا بے مثال اور انتہائی شاندار استقبال کیا گیا۔