روس میں شاہ سلمان کا شاندار اعزاز،سرکاری ادارہ نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے سرفراز کیا

ماسکو(ملت ٹائمزایجنسیاں)
روس کی وزارت خارجہ کے زیر انتظام ماسکو اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ برائے بین الاقوامی تعلقات نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازدیاہے۔
ماسکو انسٹی ٹیوٹ نے شاہ سلمان کو ان کے تاریخی دورے کے موقع پر سعودی عرب اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر استحکام کے لیے کردار کے اعتراف میں یہ ڈگری دی ہے۔انھوں نے گذشتہ دو روز میں روسی صدر ولادی میر پوتین اور وزیراعظم دمتری مید ویدیف سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بات چیت کی ہے۔اس موقع پر سعودی عرب نے روس کے ساتھ اربوں ڈالرز مالیت کے دفاعی معاہدے بھی طے کیے ہیں۔
سعودی فرماں روا نے جمعہ کو روسی وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا:” ہم ان دو طرفہ تعلقات کو بلندیوں پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔اس ضمن میں ہم صدر ولادی میر پوتین سے اپنی مفید بات چیت کو سراہتے ہیں۔اس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے سے اتفاق کیا گیا تھا“۔