سعودی عرب میں شاہی محل پر حملہ ، 2 سکیورٹی اہل کار شہید

جدہ(ملت ٹائمزایجنسیاں)
سعودی وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان کے مطابق مملکت سعودی عربیہ کے شہر جدہ میں شاہی محافظین کے زیر انتظام بیرونی پہرے کی چوکی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہل کار شہید ہو گئے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ “جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق 3:25 پر جدہ میں شاہی محل قصرِ سلام کے مغربی بیرونی دروازے پر شاہی محافظین کی چوکی پر ایک شخص نے فائرنگ کر دی۔ یہ شخص ہونڈائی ماڈل کی ایک گاڑی سے اتر کر آیا تھا”۔
ترجمان کے مطابق شاہی محافظین کے اہل کاروں نے فوری طور پر حملہ آور کو ہلاک کر ڈالا۔ واقعے میں ایجنٹ سارجنٹ حماد بن شلاح المطری اور فرسٹ سولجر عبداللہ بن فیصل السباعی شہید ہو گئے۔ ان کے علاوہ تین محافظین کارپورل ولد بن علی شامی ، فرسٹ سولجر احمد صالح القرنی اور فرسٹ سولجر عبداللہ ہندی السبیعی زخمی ہو گئے جن کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور کی شناخت ہو گئی ہے۔ یہ 28 سالہ سعودی نوجوان ہے جس کا نام منصور بن حسن بن علی آل فہید العامری ہے۔ مقتول کے قبضے سے ایک کلاشنکوف کے علاوہ تین عدد آتش گیر بم بھی برآمد ہوئے۔ادھر سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان منصور الترکی نے بتایا کہ واقعے کی وجوہات اور اس کے پیچھے کار فرما عوامل جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آور اپنی ذاتی گاڑی میں اکیلا آیا تھا۔