عراقی وزیر اعظم کا ریاض میں والہانہ استقبال۔ شاہ سلمان نے کہا:ہم دونوں کے درمیان جغرافیائی ،برادرانہ اور خونی رشتہ پایا جاتاہے

ریاض(ملت ٹائمزایجنسیاں)
عراقی وزیراعظم حیدر العبادی سعودی عرب کے دورے پر الریاض پہنچ گئے ہیں۔سعوی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بہ نفس نفیس ان کا اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔دونوں رہ نماو¿ں نے ملاقات میں سعودی عرب اور عراق کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس سے پہلے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز ،نائب گورنر الریاض ،وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن ڈاکٹر مسعد بن محمد العیبین اور وزیر تجارت اور سرمایہ کاری ماجد بن عبداللہ القصبی نے ان کا استقبال کیا ہے۔ماجد بن عبداللہ القصبی سعودی ،عراقی رابطہ کونسل کے شریک چیئرمین ہیں۔ان کے علاوہ ہوائی اڈے پر اعلیٰ سینیر سول اور فوجی عہدے دار اور الریاض میں عراقی سفیر رشدی العانی بھی موجود تھے۔
عراقی وزیراعظم نے اتوار کو سعودی ،عراق رابطہ کونسل کے پہلے اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے عراق کے ساتھ نہ صرف جغرافیائی اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات استوار ہیں بلکہ یہ برادرانہ اور خونی رشتوں پر مبنی تعلقات ہیں۔شاہ سلمان نے اتوار کو سعودی عراق رابطہ کونسل سے متعلق معاہدے پر دست خطوں کی تقریب کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ” میں اس رابطہ کونسل کے اجلاسوں کا شدت سے منتظر ہوں ،ان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی“۔
انھوں نے کہا کہ ” ہم عراق میں اپنے بھائیوں کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں پر مبارک باد دیتے ہیں۔ نیز ہم عراق کے اتحاد اور استحکام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں“۔اس موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور اور عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے سعودی،عراق رابطہ کونسل کے قیام کے لیے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی کابینہ نے اگست میں اس کونسل کے قیام کی منظوری دی تھی۔اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی ، سرمایہ کاری اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا ہے۔اس سے عراق کی معیشت کی بحالی کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
شاہ سلمان نے گذشتہ سال کے دوران میں متعدد مرتبہ عراق ، اس کی سلامتی اور استحکام کے فروغ کی ضرورت پر زوردیا تھا۔ انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی گذرگاہ کو کھولنے کی ضرورت پر بھی زوردیا تھا۔دونوں ملکوں میں گذشتہ ہفتے ستائیس سال کے بعد فضائی روابط بحال ہوگئے ہیں اور سعودی دارالحکومت الریاض سے فضائی کمپنی فلائی ناس کی پہلی تجارتی پرواز بغداد پہنچی تھی۔