مدنی ٹریولس دیوبند اور الخدم گروپ دہلی کے زیراہتمام حجاج کرام کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)

مدنی ٹریولس دیوبنداور الخدم گروپ دہلی کے زیر اہتمام سال رواںحج وعمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے افراد کے اعزاز میں ایک منفرد تقریب کا انعقاد عیدگاہ روڈ پرواقع ہیرا گارڈن میںکیاگیا۔ جس میں الخدم گروپ دہلی کے چیئرمین حافظ شاہ جمال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ خوش نصیب ہیں وہ افراد جنہیں حج جیسے عظیم فریضہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہوئی ہے اور وہ لوگ بھی قابل مبارکباد ہیں جو عمرہ کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عازمین کی خدمت کرنے والوں کا اللہ کے نزدیک بڑا مرتبہ ہے۔انہوں نے کہاکہ حج و عمرہ کی سعادت کے بعد ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوجاتاہے اسلئے مستقل صوم و صلوٰة کی پابندی کے ساتھ توبہ استغفار کااہتمام کرنا چاہئے۔ الخدم گروپ دہلی کے چیئرمین حافظ شاہ جمال نے اپنے خصوصی خطاب کے دوران مدنی ٹریولس دیوبندکے ذمہ دار عمیر احمد عثمانی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا مقصد حج و عمرہ کرنے والوں کی خدمت کرناہے۔ انہوں نے بتایاکہ ہماری کمپنی گزشتہ بارہ سالوں سے عازمین حج کی خدمت میں ہمہ تن مصروف ہے،ہر سال ہم ایسے افراد کی مالی اعانت کرتے ہیں جو حج و عمرہ پر جانے کی خواہش رکھتے ہیں لیکن مالی دشواریوں کے سبب انہیں پریشانی ہوتی ہے،ایسے لوگوں کو گروپ میں شامل کرکے ان کی مدد کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔جمعیة علماءہند کے خازن و مسلم فنڈ دیوبند کے جنرل منیجرپر مولانا حسیب صدیقی نے اپنے مختصر خطاب کے دوران پروگرام کے انعقاد پر خوشی کااظہارکرتے ہوئے حجاج کرام کومبارکباد پیش کی ۔علاوہ ازیں جامعة الشیخ حسین احمدمدنی کے مہتمم مولانا مزمل علی قاسمی،مولانا غلام نبی کشمیری،مولانا عبداللہ ابن القمر وغیرہ نے بھی اپنے خطاب کے دوران حج و عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں اور دیوبند میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کے پروگرام کے انعقاد پر منتظمین و خدام حجاج کو مبارکباد پیش کی۔دریں اثناءنومبر میں عمرہ پر جانے والوں گروپ میں شامل سید عقیل حسین میاں،محمد محفوظ سید زین الدین و دیگر کومولاناحسیب صدیقی اور مدنی ٹریولس کے منیجر عمیر احمد عثمانی کے ہاتھوں ایئر ٹکٹ و پاسپورٹ دیئے گئے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سلیم احمد عثمانی نے انجام دیئے ۔مولانا محمدسفیان قاسمی کی دعاءپر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔پروگرام کے انعقاد میں ماسٹر کوک و کیئرنگ کمپنی کے کورڈی نیٹر احمد غازی صدیقی اور ان کے رفقاءنے اہم تعاون کیا۔اس دوران مولانا ندیم الواجدی، مولانامودود مدنی، مولانا مسعود مدنی، مولانا محمد مدنی،سابق ممبر اسمبلی معاویہ علی،سابق چیئرمین انعام قریشی، مسلم فنڈ کے اسسٹنٹ منیجر سہیل صدیقی،فہیم نمبردار،سید ذہین احمد،مولانا قدرالزماں قاسمی کیرانوی، چودھری صادق،فائز سلیم صدیقی،حاجی ریحان الحق،سعدصدیقی وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں شہر کے سرکردہ لوگوں نے شرکت کی۔ آخر میں پروگرام میں کنوینر و مدنی ٹریولس کے منیجر عمیر عثمانی نے تمام مہمانوں اور شرکاءکا شکریہ اداکیا۔