خواتین اپنے حقوق کی جنگ خود لڑے ،تشددپر خاموش رہنے کے بجائے قانون کا سہارا لے:نازیہ الہی خان

کولکاتا(ملت ٹائمز)
معروف ایڈوکیٹ محترمہ نازیہ الہی خان نے بنگال کے 24 پرگنہ میں واقع موگرا ہارٹ میں حقوق نسواں پر منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین سوسائٹی کا اہم حصہ ہیںلیکن یہ المیہ ہے کہ انہیں ہمیشہ نظر انداز کیا جاتاہے ،ان پر کئی طرح کے مظالم بھی ڈھائے جاتے ہیں اور ایسے لوگوں کے خلاف کوئی سخت کاروائی نہیںکی جاتی ہے ۔نازیہ الہی خان نے اپنے خطاب میں خواتین کو خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ اپنا حق لینے کیلئے آپ کو خود آگے آناہوگا ،قانون میں مکمل تحفظ دیاگیا ہے ،اگر کہیں آپ کے ساتھ تشدد ہوتاہے ،ناانصافی ہوتی ہے تو آ پ قانون کا سہارا لیں ،تھانہ میں شکایت کریں،عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں،انہو ں نے یہ بھی کہاکہ اگر آپ کے خلاف تشدد ہوتاہے تو خاموش رہ کر خواتین کے خلاف تشدد کو مزید فروغ نہ دیں بلکہ اقدام کریں ،انہوں نے کہاکہ جو خواتین دیہاتوں میں رہتی ہیں،انہیں بھی قانون کا سہارا لینی چاہیئے اور اپنے خلاف تشدد کو ناقابل برداشت سمجھتے ہوئے تھانہ میں شکایت درج کرانی چاہیئے ،انہوں نے اس موقع پر یقین دلایاکہ نازیہ الہی خان ہر موقع پر خواتین کے ساتھ ہیں اور حقوق نسواں کیلئے ان کی جنگ جاری رہے گی ، وہ عورتوں کا ساتھ دیتی رہیں گی۔
سمینار میں ایس ایس کے ایم ہسپتال کے ڈاکٹر رشوا پرساد،ایڈوکیٹ سبھروجیت ،ساہیبلی سمیٹی کی صدر سائرہ بانو وغیرہ نے بھی شرکت کی ،اس موقع خواتین کے درمیان ساریاں بھی تقسیم کی گئیں۔