میانمار روہنگیا مسلمانوں کو واپس آنے کی اجازت دے: اقوام متحدہ

نیویارک(ملت ٹائمزایجنسیاں
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے میانمار حکومت سے بے دخل روہنگیا مسلمانوں کی وطن واپسی کا مطالبہ کردیاہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے ایک بیان میں میانمار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میانمارحکومت فوری طور پر روہنگیا مسلمانوں کیخلاف کارروائیاں بند کرے اور بے دخل کیے گئے لاکھوں مسلمانوں کو وطن واپس لوٹنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ سلامتی کونسل نے میانمار پر زور دیا کہ ریاست راکھائن کا کنٹرول فوج کی بجائے سویلینز کے حوالے کرتے ہوئے قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے۔ یہی نہیں سلامتی کونسل کے رکن ممالک نے میانمار حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 ہفتوں کے دوران 6 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کرچکے ہیں اور سلامتی کونسل میانمارمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔