فلسطین معاملے میں امریکہ ثالثی کے کردار سے محروم ہوچکاہے،جب تک القدس فلسطین کا دارالحکومت نہیں بن جاتا امن و استحکام کا قیام ناممکن :محمود عباس

استنبول۔13دسمبر(ایجنسیاں)
فلسطین کے صدر محمود عباس نے ترکی کی میزبانی میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب میں انہوں نے امریکہ کے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکہ، اسرائیل۔ فلسطین امن مرحلے میں اپنے ثالثانہ کردار سے محروم ہو چکا ہے۔ ہم مستقبل میں سیاسی امن مرحلے میں امریکہ کی شمولیت کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
صدر عباس نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کو حکومت کے طور پر تسلیم کروانے کے لئے اب ہمیں اپنی پوری طاقت سے کام کرنا چاہیے۔ جب تک القدس فلسطین کا دارالحکومت نہیں بن جاتا امن و استحکام کا قیام ناممکن ہے۔