ملک کی عوام بی جے پی کو نہیں چاہتی ،ضمنی انتخابات میں ووٹرس نے فیصلہ سنادیا ہے :آفتاب احمد

نوح،میوات۔15مارچ(محمد صابر قاسمی)
کانگریس کے صوبائی نائب صدر اور سابق وزیر ٹرانسپورٹ چودھری آفتاب احمد نے بی جے پی کی اتر پردیش و بہار میں تینوں لوک سبھا ضمنی انتخابات میں ہوئی قراری شکست پر ملک کے شہریوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے پریس کو جاری بیان میں کہا کہ تینوں لوک سبھا سیٹوں پر بی جے پی کی شکست اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک اب نریندر مودی کی قیادت میں نہیں چلنا چاہتا ۔ملک کے عوام گذشتہ چار سالوں کا حساب بی جے پی سے مانگ رہی ہے، اور بی جے پی کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی ناکامیابیوں کو چھپانے کے لیے ملک میں وقت وقت پر فرقہ وارانہ فساد کرانے کی کوشش کرتی ہے۔چودھری آفتاب احمد نے کہا کہ 2017-18 میں ملک کے مختلف ریاستوں میں ہوئے 10 لوک سبھا ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو سبھی سیٹوں پر ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ ملک کے 130 کروڑ عوام خود کو بی جے پی کے ذریعہ ٹھگا سا محسوس کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی کا گذشتہ چار سال کا دور حکومت بغیر کسی عوامی اسکیم کے پورا ہوا ہے اسی لیے اس طرح کے نتائج کی امید کی جاسکتی ہے۔چودھری آفتاب احمد نے کہا کہ گذشتہ 30سال سے بی جے پی گورکھپور لوک سبھا سیٹ کو جیت رہی تھی اور گذشتہ 19سال سے وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدیہ ناتھ وہاں سے الیکشن جیت رہے تھے مگر گذشتہ 4سال کے دور حکومت کی عوامی مخالف پالیسیوں سے متاثر گورکھپور کے لوگوں نے وزیر اعلیٰ یوگی آدیہ ناتھ و وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو پوری طرح سے نکار دیا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ آئندہ 2019میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس صدر راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کی حکومت بنے جارہی ہے کیونکہ ملک کے عوام بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں سے پریشان ہو چکی ہے۔