للہول ایکتا کمیٹی کے زیر اہتمام تقریب تقسیم ایوارڈ کا انعقاد

سمستی پور : بہار کے مشہور و معروف ضلع سمستی پور کے سنگھیا بلاک کے للہول پنچایت کی نمائندہ سماجی تنظیم للہول ایکتا کمیٹی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تقریبِ تقسیمِ ایوارڈ کا انعقاد کیا گیا، پروگرام کا آغاز حافظ حاتم کی تلاوت قرآن سے ہوا، اس کے بعد پروگرام کے ناظم اور کمیٹی کے بانی رکن شاعر و صحافی فدا حسین قاسمی نے بارگاہ رسالت مآب میں نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔
بعد ازاں ناظم پروگرام نے کمیٹی کے مقاصد بتاتے ہوئے واضح کیا کہ اس کمیٹی کا مقصد سماج میں پھیلی برائیوں کی روک تھام کی کوشش کرنا اور ایک صالح معاشرہ کی تشکیل کرنا، بچوں کو تعلیمی مشن سے جوڑنا، عوام کو انکے حقوق کے تعلق سے باخبر کرنا، کمیٹی کے ذریعہ پنچایت کے غریب، لاچار، بیوہ اور بے سہارا لوگوں کی ہر طرح سے مدد کرنا ہے، اور پنچایت کی ترقی میں ہر طرح سے اپنا تعاون دینا ہے، اور گزشتہ ایک سال میں کمیٹی نے ان تمام مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے بھر پور کوشش کی ہے اور بہت حد تک اس میں کامیابی بھی ملی ہے۔
للہول پنچایت کے سرپنچ محمد اسلم نے کہا کہ میں اس کمیٹی کے کام سے بہت خوش ہوں، کیونکہ اس کمیٹی نے صرف ایک سال میں اس پنچایت میں ایک ایسی تاریخ رقم کر دی ہے جس کی کوئی مثال اس پنچایت کی گزشتہ تاریخوں میں نہیں ملتی ہے، آخر میں انہوں نے اس کمیٹی کے بانی رکن سلمان صادق، سرفراز احمد، فدا حسین قاسمی اور رحمت علی کو تہ دل سے مبارکباد پیش کی۔
کمیٹی کے بانی رکن رحمت علی اور سرفراز احمد نے گاوں کے لوگوں اور کمیٹی کے ممبرس کو متحد ہو کر رہنے، آپسی بھائی چارہ بنانے اور اپنے بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کی فکر کرنے کے اوپر زور دیا، اس کے بعد پروگرام میں موجود سبھی ممبرس کو للہول ایکتا کمیٹی کے نام کا بنا ہوا اسکولی بیگ تقسیم کیا گیا، اور گزشتہ ایک سال میں کمیٹی کے متحرک اور فعال ممبران جنہوں نے کمیٹی کے لئے نمایاں کام انجام دیئے ہیں انکی حوصلہ افزائی کے لئے کمیٹی کے نام کا بنا ہوا میڈل، ایوارڈ، ٹی شرٹ اور ڈائری پین وغیرہ تقسیم کیا گیا، اس پروگرام میں خصوصی طور سے کمیٹی کے بانی رکن سرفراز احمد، فدا حسین قاسمی، رحمت علی، للہول پنچایت کے سرپنچ محمد اسلم، حافظ محمد حاتم، محمد سلطان، حافظ شکرالدین، حافظ عبدالوہاب، انور حسین، انظار احمد، محمد شکیل، محمد شفیق، عبدالحلیم، محمد نیاز، محمد شہزاد، چاند علی، ہارون علی، صدام، محمد گلاب، محمد اختر، محمد ریاض، عبدالجبار، محمد نزیر، عبدالواحد، محمد ممتاز، ضیاءالحق, نورالسلام، محمد سلام وغیرہ شامل رہے۔