نئی دہلی: (نامہ نگار) اسلامک مشن اسکول فصیل بند شہر کا سالانہ تقریب ایوان غالب کے آڈیٹوریم میں بزرگ سماجی خدمتگار حاجی ممتازاحمد چاؤلہ کی سرپرستی میں منعقد کی گئی،جس میں ادارہ کے معصوم طلبا نے تعلیم کی اہمیت وافادیت،اخلاق کی عظمت،استاد کاادب واحترام،جہالت کے نقصانات،’بیٹی بچا ؤ،بیٹی پڑھاؤ‘،سوچھتا بھیان،والدین کی عظمت ودیگر اہم موضوعات پر خوبصورت انداز میں پلے پیش کئے، ساتھ ہی تلاوت قرآن مجید، حمد ونعت،تقاریر، قوالی،نظم،مکالمے اور دوسرے کلچرل پروگرام پیش کرکے سا معین کو محظوظ کیااور دادو تحسین حاصل کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پرمعروف عالم دین مفسر قرآن مفتی زاہد حسان قاسمی،جبکہ مہمان اعزازی کی حیثیت سے ماہرتعلیم مولانا غزالی ندوی نے شر کت کی۔ اس موقع پر مہمانان نے’شادیوں میں سادگی:قرآن وسنت کی روشنی‘کے اہم عنوان پر پُر مغز خطاب کیا۔ علمائے عظام نے دوران گفتگوقرآن مجید اور سنت نبوی کے حوالے سے مسلمانوں سے اپیل کی کہ نکاح کو سستا بنائیں،کیو نکہ جتنا کم خرچ نکاح ہوگا اتنا ہی بابرکت ہوگا۔مولانا ازہر ندوی نے بڑھتے طلاق کے واقعات پر تشویش جتائی اور کہاکہ جو واقعات طلاق کے سامنے آرہے ہیں،اسکی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ہم نے شریعت اسلامی کو بالائے طاق رکھ کر غیر قوموں کے رسومات اختیار کر لئے ہیں،اور اپنے اوپر بوجھ بنا لیا ہے،جبکہ نکاح بہت آسان ہے،ضروری ہے کہ شادیوں میں اخراجات پر کنٹرول کیا جائے اور مسجدوں میں نکاح کا اہتمام کیا جائے،ساتھ ہی جہیز ودیگر رواج سے بچاجائے۔قبل ازیں اسلامک مشن اسکول(دہلی) کے امیر اور پروگرام کے روح رواں یحییٰ ہارون نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔انہوں نے اسکول کی تاریخ کااحاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسلامک مشن اسکول علیگڑ ھ میں 2008میں قائم کیاتھا،اسی نہج پر دہلی میں 2011میں یہ اسکول شروع کیا گیاتھا۔یحییٰ ہارون نے مزید بتایا کہ اسکول کا مشن یہی ہے کہ قوم کے بچوں کا تعلیمی معیاربڑھایا جائے اور بچوں کو مذہبی کلچر میں دنیوی تعلیم سے آراستہ کیا جائے،ساتھ ہی ہماری کوشش رہتی ہے کہ بچوں کو دیندار ہو نے کے ساتھ ساتھ ایماندار بنایا جائے،تا کہ بچے اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک وقوم کی خدمت کر سکیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابھی یہ اسکول نرسری سے دوسری جماعت تک چل رہا ہے،آگے کے سالوں میں کوشش کی جائیگی کہ ہر سال ایک جماعت اضافہ کیا جائے۔ اسلامک مشن اسکول(علی گڑھ)کے سرپرست ڈاکٹر کونین کوثرنے بچوں کی جانب سے پیش کئے گئے پروگرام کی تعریف کی۔ اس موقع پر امتحان میں نمایاں کا کردگی کا مظاہرہ کر نے والے اور ثقافتی پروگرام پیش کرنے والے بچوں کو مہمانوں کے ہاتھوں انعامات سے نوازا گیا۔ اسکول کی پرنسپل ریشما ممتاز نے اختتام پر مہمانان کا شکریہ اداکیا،جبکہ شفیہ جاوید نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔پروگرام کوکا میاب بنا نے میں شازیہ ملک،صالحہ خان،مدیحہ خانم،ہادیہ ہارون،اسما پروین،محترمہ شگفتہ،حفصہ چاؤلہ ودیگر معلمات سمیت بچوں کے والدین نے اہم کردار ادا کیا ۔۔