غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 20 فلسطینی زخمی

بیت المقدس: (ملت ٹائمز – ایجنسیاں) غزہ پٹی کی مشرقی سرحد پر جمعے روز قابض اسرائیلی فوج کے نشانچیوں کی فائرنگ سے 20 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں آنسو گیس کی شیلنگ سے دم گھٹنے کے باعث درجنوں افراد بے حال ہو گئے۔

پناہ گزینوں کی واپسی اور محاصرہ توڑنے سے متعلق ریلیوں کے 47 ویں ہفتے کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں قابض اسرائیلی فوج کا ایک افسر بھی معمولی طور زخمی ہو گیا۔ یاد رہے کہ جمعے کے روز منعقد ریلی میں 10 ہزار کے قریب افراد نے شرکت کی۔

غزہ پٹی میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں ایک فری لانس صحافی اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ترجمان کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

ریلی کے شرکاء نے غزہ اور اسرائیل کے درمیان سرحدی باڑ کے نزدیک جانے کی کوشش کی مگر اسرائیلی فوجیوں نے انہیں دور کرنے کے لیے براہ راست فائرنگ کر دی اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

فلسطینیوں کی جانب سے گزشتہ برس 30 مارچ سے “واپسی کی ریلیوں” کے سلسلے میں احتجاج جاری ہے۔ اس احتجاج میں ہر جمعے کے روز شدت آ جاتی ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ 2006 سے غزہ پٹی پر مسلط محاصرے کو ختم کیا جائے اور 70 برس قبل ہجرت کر جانے والے فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے گھروں کو واپسی کا حق دیا جائے۔

مذکورہ احتجاج کے آغاز کے بعد سے اب تک اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 250 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان میں زیادہ تر افراد پر جھڑپوں کے دوران فائرنگ کی گئی جب کہ دیگر افراد ٹینک کی فائرنگ یا فضائی حملوں کا نشانہ بنے۔