مالدیپ سے نریندر مودی نے دوسری مدت میں غیر ملکی دورے کا آغاز کیا ۔ مالے ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

مالے (ملت ٹائمز)
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی دوسری مدت میں مالدیپ سے غیر ملکی دورے کا آغاز کیا ہے۔ کیرالہ کے کوچی ایئر پورٹ سے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی آج مالدیپ کی راجدھانی مالے ایئر پورٹ پر شام ساڑھے تین بجے پہونچے جہاں مالدیپ کے صدر ابراہیم صالح نے ان کا استقبال کیا ۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مالدیپ کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں مالدیپ کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار تعلقات کا تذکرہ کیا اور کہاہے کہ حال ہی میں دونوں ملکوں نے عید کی خوشیاں منائی ہے ۔ اس کے علاوہ پی ایم مودی وہاں کی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کریں گے ۔
مالدیپ ہندوستان سے متصل ایک جزیرہ نمامسلم ملک ہے ۔ وہاں کی گذشتہ حکومت میں ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات میں کمی آگئی تھی اور سابق صدر یامین عبد القیوم نے چین کے ساتھ اپنے تعلقات بڑھا لئے تھے تاہم وہاں حکومت بدلنے کے بعد پی ایم مودی نے دوبارہ وہاں رشتہ بحال کرنے کی کوشش شروع کی ہے ۔ اسی کے تحت سال 2018 میں مودی ابراہیم صالح کی حلف برداری تقریب میں بھی پہونچے تھے اور اب انہوں نے وہیں سے اپنے غیرملکی دورے کا بھی آغاز کیا ہے تاکہ چین کے بجائے ہندوستان کو ہاں ترجیح حاصل رہے ۔