عراق ميں تازہ تشدد، متعدد افراد ہلاک

عراق ميں گزشتہ روز ايرانی قونصل خانے کو آگ لگائے جانے کے بعد جمعرات کو بھی کشيدگی برقرار ہے۔ سکيورٹی فورسز کی تازہ کارروائی ميں الناصريہ ميں آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہيں۔
عراق ميں سکيورٹی فورسز کی مظاہرين کے خلاف فائرنگ کے نتيجے ميں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ جنوبی شہر الناصريہ ميں حکومت مخالف مظاہرين کے خلاف سکيورٹی دستوں کی جمعرات کو کی گئی کارروائی اور اس کے نتيجے ميں جانی نقصان کی تصديق حکومتی اور طبی ذرائع نے کر دی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی ميں پچاس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، جن ميں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ الناصريہ ميں يہ تازہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب سکيورٹی دستوں نے ان دو پلوں پر سے مظاہرين کو منتشر کرنے کی کوشش کی، جن پر وہ کئی ايام سے قابض ہيں۔
عراق ميں دارالحکومت بغداد اور ملک کے جنوبی حصے ميں قريب دو ماہ سے حکومت مخالف مظاہرے جاری ہيں۔ يہ مظاہرين سياسی اصلاحات، نظام ميں از سر نو تبديلی اور بد عنوانی کے انسداد کے مطالبات کر رہے ہيں۔ الناصريہ ميں يہ تازہ کشيدگی نجف ميں ايرانی قونصليٹ کو آگ لگائے جانے کے ايک روز بعد سامنے آئی۔ مظاہرين بغداد حکومت کی مبينہ پشت پناہی پر پڑوسی ملک ايران سے بھی نالاں ہيں۔ عراق ميں پچھلے دو ماہ سے جاری احتجاجی تحريک اور سراپا احتجاج مظاہرين کے خلاف سکيورٹی دستوں کی کارروائی ميں اب تک قريب ساڑھے تين سو افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ اس دوران زخمی ہونے والوں کی تعداد پندرہ ہزار سے بھی زيادہ ہے۔
دريں اثناء ايران نے گزشتہ روز نجف ميں اپنے قونصل خانے کو نذر آتش کيے جانے کے واقعے کی شديد مذمت کی ہے۔ ايرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے اس کارروائی ميں ملوث افراد کے خلاف فوری اور فيصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کيا ہے۔ نجف ميں ايرانی قونصل خانے کو بدھ کی شب مشتعل مظاہرين نے آگ لگائی۔ عوام ايران سے اس ليے نالاں ہيں کيونکہ ان کا ماننا ہے کہ تہران حکومت کا ايران پر خاصا اثر و رسوخ ہے اور وہ بغداد حکومت کی حمايت جاری رکھی ہوئی ہے، جسے مظاہرين بد عنوان قرار ديتے ہيں۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں