سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد امریکہ کے ساتھ خود مختاری کے استثنیٰ کا معاہدہ کیا

خرطوم: (ایجنسیاں) سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد  کل ہفتے کے روز امریکا کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کیا ہے۔ سوڈانی  وزارت انصاف نے اعلان کیا کہ خرطوم حکومت نے امریکا کےساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت خرطوم کے خلاف مستقبل میں ہونے والے مقدمات کی روک تھام اور  سوڈان کی خود مختاری کو استنیٰ حاصل ہوگا۔
سوڈانی وزارت انصاف کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی عمارت میں جمعہ کے روز طے پانے والا معاہدہ سوڈان کے خلاف امریکی عدالتوں میں دائر مقدمات کے تصفیہ سے متعلق ہے جس میں نیروبی اور دارالسلام (1998) میں دو سفارتخانوں پربم حملوں کے کیسز بھی شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ سوڈان کی حکومت  نے اس معاہدے میں ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملک ان حملوں کا ذمہ دار نہیں ہے بلکہ امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو معمول پر لانے اور ترقی دینے کی خواہاں ہے۔
اس معاہدے کے تحت سوڈان مشترکہ کھاتے میں رکھے جانے والے 335 ملین ڈالر کی ادائیگی پر بھی امریکا نے اتفاق کیا ہے۔