فلسطینی بچوں پر وحشیانہ اسرائیلی مظالم پر قطر کی شدید مذمت

دوحہ: قابض صہیونی حکومت اور فوج کی طرف سے فلسطینی بچوں پر ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم پر قطر نے صہیونی ریاست کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قطری وزارت خارجہ کی ترجمان لولو الخاطر نے ایک بیان میں کہا کہ غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں یطا کے مقام پر پانچ کم سن بچوں کے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہونے والی ظالمانہ گرفتاری کی ویڈیو نے ثابت کردیا ہے کہ اسرائیلی فوج نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیلی ریاست کے سیکیورٹی اداروں کی طرف سے فلسطینی بچوں پر مظالم پر کوئی حیرت کی بات نہیں کیونکہ قابض ریاست ہمیشہ دوہرے معیار پرعمل پیرا رہی ہے۔
خیال رہے کہ پانچ کم سن فلسطینی بچوں کی بے رحمی کے ساتھ گرفتاری کا واقعہ گذشتہ ہفتے سامنے آیا تھا اور اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔ یہ ویڈیو اسرائیل کے انسانی حقوق گروپ ‘بتسلیم’ نے تیار کی تھی۔
اسرائیلی فوج نے پانچ فلسطینی لڑکوں کو گرفتار کیا اور ان پر یہودی کالونی کے قریب جانے کا الزام عاید کیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی زندانوں میں اس وقت چھ ہزار فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔ ان 40 خواتین اور 170 بچے ہیں۔