سعودی عرب اور مصر نے غزہ کی پٹی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ہفتے کے روز مصری ہم منصب سامح شکری سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور ان سے غزہ کی کشیدہ صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سامح شکری نے بتایا ہے کہ مصر فلسطینی علاقے میں لڑائی رکوانے کے لیے بات چیت کررہا ہے۔
بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی برداری سے بھی مطالبہ کیاہے کہ ’’وہ اسرائیل کی فلسطینی عوام کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کو رکوائے۔‘‘






