بیت المقدس میں فدائی حملے میں دو اسرائیلی فوجی زخمی، حملہ آور شہید

مقبوضہ بیت المقدس: مقنوضہ بیت المقدس کے شمالی مشرقی علاقے تلہ الفرنسیہ میں ایک فلسطینی نوجوان کے ساتھ جھڑپ میں دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ قابض فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔
اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تلہ الفرنسیہ کے مقام پر ایک فلسطینی چاقو بردار نے دو اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے وار کرکے دو اہلکاروں کو زخمی کردیا۔ اسرائیلی میڈیا کےمطابق فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
سوشل میڈیا پر ایک فلسطینی نوجوان کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسے زمین پر خون میں لت پت دیکھا جا سکتا ہے۔ فلسطینی طبی عملے نے زخمی حالت میں پڑے فلسطینی کے قریب جانے کی کوشش کی مگر قابض فوج نے امدادی کارکنوں کو اس کی مدد سے روک دیا۔
بیت المقدس میں فلسطینی نوجوان کی شہادت کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف بیت المقدس اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج اور یہودی شرپسند نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے کررہے ہیں۔