غزہ: مغربی کنارے میں اسرائیلی افواج کے ساتھ رات بھر ہونے والے تصادم میں 40 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کو گولی لگی ہے۔ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ سوسائٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مغربی کنارے کے نابلس کے نواحی گاؤں ’بیت اِبا‘ میں کل رات اسرائیلی سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادموں میں 40 فلسطینی زخمی ہوئے۔ یہ لوگ فائرنگ اور آنسو گیس کے گولوں کی وجہ سے زخمی ہوئے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دو مہینوں میں کوہ صبیح پر فلسطینی اور اسرائیلی افواج کے درمیان تقریباً روزانہ تصادم ہوتے رہے ہیں۔ فلسطینی شہری ایک نئی یہودی بستی کی تعمیر اور فلسطینی زمین پر قبضے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔