اردوغان نے مسلمانوں سے کی ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کی اپیل

ترک صدر اردوغان نے نوجوانوں کو سیاست، تعلیم، کھیل، تجارتی اور سماجی زندگی میں فعال طور پر شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے دنیا کے تمام مسلمانوں سے ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔
انادولو ایجنسی کے مطابق مسٹر اردوغان نے بدھ کو منعقدہ اسلامی تعاون یوتھ فورم (آئی سی وائی ایف) کی چوتھی جنرل اسمبلی کو خطاب کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا، “مسلمانوں کو امن اوربھلائی کے ساتھ تمام انسانیت کی سلامتی اور مستقبل کی ذمہ داری لینی چاہیے اوران کے خلاف ہونے والی ناانصافی پرآواز اٹھانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں رہنے والے مسلمانوں کو اسلاموفوبیا اور ثقافتی نسل پرستی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جبکہ شام اور افغانستان جیسے ممالک میں وہ ‘جھڑپوں، ہجرت، غربت اور بیماری’ سے لڑ رہے ہیں۔
صدر نے نوجوانوں کو سیاست، تعلیم، کھیل، تجارتی اور سماجی زندگی میں فعال طور پر شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا، “مجھے امید ہے کہ آپ کسی کو بھی ہمارے درمیان نہیں آنے دیں گے اور خود کو نسلی، فرقہ وارانہ یا ثقافتی اختلافات پر تقسیم نہیں کریں گے۔
آئی سی وائی ایف ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کےنوجوانوں کی بڑی تنظیموں اور عالمی سطح پر مسلم اقلیتوں کی نمائندگی کرنے والی یوتھ تنظیموں کو متحد کرتی ہے۔ چوتھی جنرل اسمبلی 25 سے 26 اگست تک ترکی کے استنبول میں منعقد کی گئی ہے اور اس میں 56 رکن ممالک شریک ہورہے ہیں۔