امریکہ کی شکست افغانستان پر حملہ کرنے والوں کے لیے ایک سبق ہے: طالبان

کابل: ترجمان طالبان  ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی فوج کے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کے رن وے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا  کی شکست افغانستان پر حملہ کرنے والوں کے لیے ایک سبق ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا مکمل ہوگیا، کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے بعد طالبان نے ہوائی فائرنگ کرکے جشن منایا اور ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل ائیر پورٹ کا دورہ بھی کیا۔
ترجمان طالبان نے کابل ایئرپورٹ کے رن وے پر کھڑے ہوکر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کا دن تاریخی دن ہے۔  افغانستان سے 20 برس بعد امریکا کے نکلنے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور قوم سے عہد کرتے ہیں کہ اسلامی روایات، آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کریں گے۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی شکست افغانستان پر حملہ کرنے والوں اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ایک اہم سبق ہے۔
ترجمان طالبان نے مزید کہا کہ اب اس میں کوئی شک نہیں رہا کہ افغانستان کی امارت اسلامی ایک آزاد اور خودمختار قوم ہے اور یہی ہماری سب سے بڑی فتح ہے۔
اس موقع پر ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم امریکا سمیت دیگر دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں اور اچھے سفارتی تعلقات قائم کرنے والے ممالک کو خوش آمدید کہیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا نے پیر اور منگل کی درمیانی شب کابل ایئرپورٹ خالی کردیا جب کہ پینٹاگون نے بھی افغانستان چھوڑنے والے آخری سپاہی کی تصویر جاری کرکے انخلا مکمل ہونے کی تصدیق کردی۔