کاکس بازار: بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپ میں واقع مدرسے پر حملے میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ بنگلہ دیش اور میانمار کی سرحد پر واقع کیمپ میں جمعے کے روز مسلح افراد نے ایک مدرسے میں فائرنگ کردی اور چاقوؤں سے بھی لوگوں کو نشانہ بنایا۔
لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کےلیے قانونی کارروائی شروع کردی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔