انقرہ(ملت ٹائمزایجنسیاں)
روہنگیا مہاجرین کیمپ کا جائزہ لینے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی اہلیہ امینہ اردگان آج بنگلہ دیش کیلئے روانہ ہوگئی ہیں ۔
نائب وزیر اعظم خاقان چاوش اولو نے اس سلسلے میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امینہ ایردوان، وزیر خارجہ میولود چاوش اولو اور ترکی کی تعاون و ترقیاتی ایجنسی کے سربراہ سردار چام کے ہمراہ بنگلہ دیش کا دورہ کریں گی اور دورے کے دوران اپنی مصروفیات کے سلسلے میں ضروری ملاقاتیں کریں گی۔
نائب وزیر اعظم چاوش اولو نے ایجنسی کی طرف سے متوقع امداد کی بھی تفصیلات فرا ہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی کے مسئلے کی وجہ سے امداد فضائی راستے سے پہنچائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار ٹن کے امدادی سامان میں لباس، خوراک اور فوری ضروریات کی اشیاء شامل ہیں۔خاقان چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی سے بھیجی جانے والی امداد ایک لاکھ کنبوں کی ضروریات کو پورا کرے گی۔
اس دوران وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ میولود چاوش اولو میانمار کے صوبہ رخائن کے شمال میں درپیش تشدد کے واقعات کی وجہ سے بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار روہینگیا مہاجرین اور اس سے قبل بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے روہینگیا مہاجرین کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اس معاملے میں ترکی کی طرف سے کی جانے والی امداد کا تعین کرنےکے لئے 7 سے 8 ستمبر کو بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔
چاوش اولو اپنی مصروفیات کے دائرہ کار میں دارالحکومت ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی حکام اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔بیان کے مطابق وزیر خارجہ چاوش اولو میانمار کی سرحد پر واقع بنگلہ دیش کے شہر ‘کوکس’ بازار کا دورہ کر کے مہاجرین کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور امدادی سامان پہنچائیں گے۔