اعظم خان کی محمد علی جوہر یونیورسٹی پر بلڈوزر کی تیاری، 38 عمارتیں مسمار کرنے کا حکم

اعظم خان کی محمد علی جوہر یونیورسٹی
mt-staff

mt-staff

16 July 2026 (Publish: 06:22 AM IST)

اتر پردیش کے رام پور میں واقع محمد علی جوہر یونیورسٹی ایک مرتبہ پھر سرکاری کارروائی کی زد میں آ گئی ہے۔ رام پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے یونیورسٹی کی 38 عمارتوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں منہدم کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ اجے کمار دویدی کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کو اس سلسلے میں پہلے نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کے جواب میں تحریری وضاحت بھی پیش کی گئی۔ تاہم تفصیلی سماعت کے بعد آر ڈی اے اس نتیجے پر پہنچی کہ یونیورسٹی کی مجموعی 40 عمارتوں میں سے صرف دو عمارتوں کے نقشے منظور شدہ ہیں، جبکہ باقی 38 عمارتیں بغیر منظوری تعمیر کی گئی ہیں۔

ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ جس علاقے میں محمد علی جوہر یونیورسٹی واقع ہے، وہ 2024 سے رام پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دائرۂ اختیار میں شامل ہوا۔ اس سے قبل یہ علاقہ ضلع پنچایت کے ماتحت تھا۔ ان کے مطابق صرف دو عمارتوں کے نقشے ضلع پنچایت سے منظور کرائے گئے تھے، جبکہ باقی تعمیرات کے لیے نہ پہلے اجازت لی گئی اور نہ ہی بعد میں انہیں قانونی شکل دینے کی کوشش کی گئی۔

انتظامیہ نے یونیورسٹی کو 15 دن کی مہلت دی ہے کہ وہ خود ان عمارتوں کو ہٹا دے، بصورت دیگر رام پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اپنی کارروائی کرتے ہوئے انہیں منہدم کرے گی۔

واضح رہے کہ محمد علی جوہر یونیورسٹی سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خان کی سرپرستی میں قائم کی گئی تھی، جو اس کے چانسلر بھی ہیں۔ تقریباً 250 ایکڑ پر پھیلی یہ یونیورسٹی گزشتہ کئی برسوں سے مختلف قانونی اور انتظامی تنازعات کے باعث مسلسل خبروں میں رہی ہے۔

Support Independent Media

Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.

Support Millat Times

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top