آزاد صحافت اور تازہ خبروں کے لیے ملت ٹائمز ایپ سے جڑیں۔
ایپ انسٹال ہے تو کھلے گی، ورنہ Google Play کھلے گا۔متحدہ عرب امارات کے معروف شاعر حبیب الصائغ کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی مخالفت میں مضمون لکھنے کے بعد 2019 میں تشدد کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ دعویٰ صحافی میتھیو کول کی نئی کتاب میں کیا گیا ہے۔
کتاب کے مطابق حبیب الصائغ نے 11 اگست 2019 کو ’’اسرائیل ہمارا حقیقی دشمن اور ایک خطرناک منصوبہ ہے‘‘ کے عنوان سے مضمون لکھا تھا۔ اس کے چند روز بعد سکیورٹی اہلکاروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا، انہیں آنکھوں پر پٹی باندھ کر ایک خفیہ مقام پر لے گئے اور وہاں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تشدد کے دوران ان کے دانت بھی چمٹے سے نکالے گئے اور 16 سے 19 اگست کے درمیان ان کی موت ہوگئی۔
کتاب کے مطابق تدفین کے چند ہفتوں بعد ان کی قبر کھود کر لاش کو صحرا میں ایک بے نام قبر میں دوبارہ دفن کر دیا گیا، تاکہ اہل خانہ ان کی قبر پر دعا بھی نہ کر سکیں۔
حبیب الصائغ اخبار ’الخلیج‘ کے مدیر اور عرب رائٹرز یونین کے سیکریٹری جنرل بھی رہ چکے تھے۔ ان کی موت کے بعد 20 اگست 2019 کو متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید نے ان کے لیے تعزیتی پیغام بھی جاری کیا تھا۔
انسانی حقوق کی تنظیم DAWN نے 29 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے تین خصوصی نمائندوں کو خط لکھ کر اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ کتاب میں بیان کردہ واقعے کی بنیاد ایک خفیہ ذریعے کی معلومات ہیں، جن کی کم از کم دو دیگر ذرائع نے تائید کی ہے، تاہم تنظیم نے ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں کی۔
میتھیو کول کا کہنا ہے کہ کتاب کی تیاری میں 50 سے زائد ذرائع سے معلومات حاصل کی گئیں اور حقائق کی جانچ کے ساتھ قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متحدہ عرب امارات نے مصنف کی جانب سے بھیجے گئے تبصرے کے مطالبے کا جواب نہیں دیا۔
Support Independent Media
Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.
Support Millat Times