۲۳ سالہ قید نے ایک پوری نسل چھین لی؛ نثارالدین احمد کی زندگی کی کہانی، جنہیں ۲۰سال کی عمر میں گرفتار کیا گیا اور ۴۳ برس کی عمر میں رہائی ملی

23 سالہ قید نے ایک پوری نسل چھین لی؛ نثارالدین احمد کی زندگی کی کہانی، جنہیں 20 سال کی عمر میں گرفتار کیا گیا اور 43 برس کی عمر میں رہائی ملی
mt-staff

mt-staff

12 November 2026 (Publish: 05:37 PM IST)

آزاد صحافت اور تازہ خبروں کے لیے ملت ٹائمز ایپ سے جڑیں۔

ایپ انسٹال ہے تو کھلے گی، ورنہ Google Play کھلے گا۔
ایپ کھولیں / ڈاؤن لوڈ کریں

کرناٹک میں فارمیسی کے دوسرے سال کے طالب علم نثارالدین احمد 15 جنوری 1994 کو اپنے کالج کی جانب جا رہے تھے۔ انہیں امید تھی کہ 15 دن بعد ہونے والے سمسٹر امتحانات میں شرکت کریں گے، لیکن انہیں کیا معلوم تھا کہ ان کی زندگی کا رخ یکسر بدلنے والا ہے۔ امتحانات دینے کے بجائے انہیں ایک ایسے جرم میں گرفتار کر لیا گیا جس کے لیے انہیں اگلے 20 سے زائد سال جیل میں گزارنے پڑے۔نثارالدین احمد کو 20 سال کی عمر میں حیدرآباد پولیس نے کرناٹک کے شہر گلبرگہ میں ان کے گھر کے قریب سے اٹھا لیا تھا۔ یہ گرفتاری 5 اور 6 دسمبر 1993 کی درمیانی شب چھ طویل فاصلے کی مسافر ٹرینوں میں ہونے والے بم دھماکوں کے سلسلے میں کی گئی تھی۔ ان دھماکوں کا تعلق بابری مسجد کی شہادت کی پہلی برسی سے بتایا گیا تھا۔جن ٹرینوں کو نشانہ بنایا گیا، ان میں تین راجدھانی ایکسپریس ٹرینیں (نئی دہلی-ہاؤڑہ)، سورت-بڑودہ فلائنگ کوئین ایکسپریس اور حیدرآباد-نئی دہلی اے پی ایکسپریس شامل تھیں۔ ان دھماکوں میں دو افراد کی موت ہوئی تھی، جب کہ کم از کم 22 افراد زخمی ہوئے تھے۔

نثار الدین نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایک شخص نے انہیں بندوق دکھا کر زبردستی گاڑی میں بٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا؛ کرناٹک پولیس کو میری گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔ یہ ٹیم حیدرآباد سے آئی تھی۔

ان کے اہل خانہ بھی کئی ہفتوں تک ان کے بارے میں کچھ نہیں جان سکے۔ 28 فروری 1994 کو جب انہیں پہلی مرتبہ عدالت میں پیش کیا گیا، تب جاکر گھر والوں کو ان کی گرفتاری اور مقامِ حراست کا علم ہوا۔

بعد ازاں نثارالدین کے بڑے بھائی ظہیرالدین احمد اور ان کے پڑوسی یوسف کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ابتدا میں پولیس نے تینوں کو اکتوبر 1993 میں حیدرآباد کے ایک مسلم تعلیمی ادارے میں ہونے والے بم دھماکے کے مقدمے میں نامزد کیا۔ یہ مقدمہ عابدس روڈ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔

بعد میں حیدرآباد پولیس کے سامنے ان کے مبینہ اعترافی بیانات کی بنیاد پر نثارالدین، ظہیرالدین اور یوسف کے خلاف انسدادِ دہشت گردی قانون ٹاڈا (TADA) کی دفعات کے تحت بھی مقدمات درج کیے گئے۔

پولیس کے بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نثارالدین نے 6 دسمبر 1993 کو اے پی ایکسپریس کے ایک ڈبے میں بم نصب کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ بیان کے مطابق، وہ اسی روز کے کے ایکسپریس میں نصب کرنے کے لیے مزید دو بم بھی لے جا رہے تھے، لیکن طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں استعمال نہیں کر سکے۔

نثارالدین نے بی بی سی ہندی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہیں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے سے پہلے 43 دن تک غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا۔ اس دوران انہیں شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا، ’’پولیس والوں نے مجھے مارا، اذیتیں دیں، الٹا لٹکایا اور پھر مارا۔ میں ان سے بار بار التجا کرتا رہا کہ مجھے بتایا جائے کہ آخر میرا قصور کیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے مجھ سے ایک من گھڑت اعترافی بیان پر دستخط کروا لیے۔‘‘

واضح رہے کہ ٹاڈا قانون 1985 سے 1995 تک نافذ رہا تھا۔ اسے بنیادی طور پر پنجاب میں بڑھتی ہوئی شورش اور دیگر علیحدگی پسند تحریکوں سے نمٹنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ اس قانون کی ایک متنازع شق کے تحت مخصوص رینک کے پولیس افسر کے سامنے دیے گئے اعترافی بیان کو عدالت میں ثبوت کے طور پر پیش کیا جا سکتا تھا۔ اس قانون کے تحت ضمانت حاصل کرنا بھی انتہائی مشکل تھا۔

نثارالدین، ظہیرالدین اور یوسف کے حیدرآباد پولیس کی تحویل میں دیے گئے مبینہ اعترافی بیانات کو بعد میں ان کے خلاف عدالتی کارروائی میں استعمال کیا گیا۔ بالآخر تینوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

بیٹوں کی رہائی کے لیے والد کی جدوجہد، مگر انصاف دیکھنے سے پہلے موت

دو جوان بیٹوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنا ان کے والد نورالدین احمد کے لیے ناقابلِ برداشت تھا۔ انہوں نے اپنے بیٹوں کو بے قصور ثابت کرنے کے لیے طویل جدوجہد کی، لیکن یہ لڑائی تنہا ہی لڑتے رہے۔

ظہیرالدین احمد نے بتایا، ’’ہمارے والد نے ہماری بے گناہی ثابت کرنے کے لیے تنہا جدوجہد کی۔ 2006 میں ان کا انتقال ہو گیا۔‘‘

2008 میں ظہیرالدین کو پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص کے بعد سپریم کورٹ نے ضمانت دے دی تھی۔ تاہم انہوں نے اپنے بھائیوں کو انصاف دلانے کی کوشش جاری رکھی۔

دوسری جانب نثارالدین نے اپنی زندگی کے مزید 23 سال جے پور کی ایک جیل میں گزارے۔ بالآخر رواں سال اکتوبر میں سپریم کورٹ نے انہیں دہشت گردی کے تمام الزامات سے بری کر دیا۔

کچھ لمحوں کے لیے بھول گیا تھا کہ میں آزاد ہوں

23 سال بعد جیل سے باہر نکلنے کا لمحہ نثارالدین کے لیے خوشی کے ساتھ ایک ناقابلِ بیان کیفیت بھی لے کر آیا۔ انہوں نے بتایا کہ جیل سے باہر قدم رکھتے ہی ان کی ٹانگیں جیسے منجمد ہو گئیں اور ان پر ایک عجیب بوجھ محسوس ہونے لگا۔

انہوں نے کہا، ’’ایک لمحے کے لیے میں بھول گیا تھا کہ اب میں آزاد ہوں۔ جیل انسان کے ساتھ یہی کرتی ہے۔‘‘

رہائی کے بعد پہلی رات انہوں نے ایک ہوٹل میں گزاری، لیکن آزادی کی خوشی بھی انہیں سکون سے سونے نہ دے سکی۔ انہوں نے بتایا، ’’میں ان تمام برسوں میں فرش پر ایک پتلے کمبل پر سوتا رہا ہوں۔ اچانک بستر پر سونے کی کوشش کی تو نیند ہی نہیں آئی۔

ایک پوری نسل زندگی سے غائب ہو گئی

جب دنیا لینڈ لائن فون سے موبائل اور پھر مصنوعی ذہانت (AI) کے دور میں داخل ہو گئی، نثارالدین کی زندگی گویا وہیں رک گئی جہاں 1994 میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ آج 43 سال کی عمر میں وہ اپنی والدہ، بھائی، دو بہنوں، بھانجیوں، بھتیجوں اور نواسے نواسیوں کے درمیان ہیں، لیکن ان کے لیے اس بدلی ہوئی دنیا سے ہم آہنگ ہونا آسان نہیں۔

دی انڈین ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی زندگی کے ضائع ہونے والے برسوں کا درد بیان کیا۔

انہوں نے کہا، ’’جب مجھے جیل میں ڈالا گیا تو میری عمر ابھی 20 سال بھی نہیں ہوئی تھی، آج میں 43 برس کا ہوں۔ جب میں نے اپنی چھوٹی بہن کو آخری مرتبہ دیکھا تھا تو اس کی عمر 12 سال تھی، آج اس کی بیٹی بھی 12 سال کی ہو چکی ہے۔ میری بھانجی اس وقت ایک سال کی تھی، اب اس کی شادی ہو چکی ہے۔ میری ایک کزن مجھ سے دو سال چھوٹی تھی، آج وہ دادی بن چکی ہے۔ میری زندگی سے ایک پوری نسل غائب ہو گئی۔‘‘

نثارالدین نے بتایا کہ ان کی والدہ آج بھی رات کے وقت اچانک جاگ جاتی ہیں اور آہستہ سے ان کے بالوں پر ہاتھ پھیرتی ہیں۔ شاید وہ یہ یقین کرنا چاہتی ہیں کہ ان کا بیٹا واقعی گھر واپس آ چکا ہے اور یہ محض کوئی خواب نہیں۔

23 سال کی قید کے بعد نثارالدین احمد اپنے گھر تو لوٹ آئے ہیں، لیکن ان کی زندگی کے وہ قیمتی برس، تعلیم، جوانی اور خاندان کے ساتھ گزارے جانے والے لمحات کبھی واپس نہیں آ سکتے

Support Independent Media

Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.

Support Millat Times

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top