امریکہ؛ مجھے محمد نام پسند نہیں؛ کہنے کے بعد ڈرائیور پر حملہ،سمیت پٹیل نے گاڑی سے کئی بار کچلا

امریکہ میں صومالی نژاد مسلم اوبر ڈرائیور پر وحشیانہ حملہ، محمد یوسف کوما میں
mt-staff

mt-staff

16 November 2026 (Publish: 07:35 AM IST)

آزاد صحافت اور تازہ خبروں کے لیے ملت ٹائمز ایپ سے جڑیں۔

ایپ انسٹال ہے تو کھلے گی، ورنہ Google Play کھلے گا۔
ایپ کھولیں / ڈاؤن لوڈ کریں

امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر ہاپکنز میں ایک صومالی نژاد مسلم اوبر ڈرائیور محمد یوسف پر انتہائی وحشیانہ حملے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس میں وہ شدید زخمی ہوکر کوما میں چلے گئے ہیں۔ اہلِ خانہ نے حملے کو نسلی اور مذہبی نفرت سے متاثر قرار دیتے ہوئے اسے نفرت پر مبنی جرم بتایا ہے۔ واقعے پر امریکی رکنِ کانگریس الہان عمر اور معروف مسلم مذہبی اسکالر ڈاکٹر عمر سلیمان نے بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق محمد یوسف ہفتے کی علی الصبح معمول کے مطابق اوبر ڈرائیور کے طور پر کام کررہے تھے۔ وہ ایک مسافر کو اس کی منزل تک پہنچانے گئے تھے، لیکن مسافر کے گاڑی میں سوار ہوتے ہی صورتِ حال اچانک بدل گئی۔ خاندان کے ایک رشتہ دار کا کہنا ہے کہ مسافر نے سب سے پہلے ان سے نام پوچھا۔ محمد بتانے پر اس نے کہا، ’’مجھے یہ نام پسند نہیں ہے۔‘‘ اہلِ خانہ کے مطابق اس کے فوراً بعد مسافر نے ان پر حملہ کردیا۔

حملے کے دوران ملزم نے محمد یوسف کا گلا دبایا اور پھر ان کی اپنی ہی گاڑی سے انہیں کئی مرتبہ کچل دیا۔ خاندان کے مطابق گلا اتنی شدت سے دبایا گیا کہ گاڑی کی پچھلی جانب سیٹ بیلٹ بھی ٹوٹ گئی۔ اس وحشیانہ حملے میں محمد یوسف کی دونوں ٹانگیں اور پسلیاں ٹوٹ گئیں، دونوں پھیپھڑے متاثر ہوئے، ریڑھ کی ہڈی کو شدید نقصان پہنچا اور جسم کے اندرونی حصوں میں خون بہنے لگا۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے تقریباً 46 منٹ بعد محمد یوسف جائے وقوعہ سے تقریباً ایک میل دور سڑک کنارے ایک گڑھے میں پڑے ملے۔ ان کی حالت اتنی تشویش ناک تھی کہ خاندان کے افراد کو ابتدا میں اندیشہ ہوا کہ شاید وہ زندہ نہیں بچے۔ فی الحال وہ اسپتال میں زیرِ علاج اور کوما میں ہیں۔ خاندان کے مطابق ڈاکٹروں اور سرجنوں کو بھی ان کے جسم میں اندرونی خون بہنے کی اصل جگہ کا پتا لگانے میں دشواری پیش آرہی ہے۔

متاثرہ خاندان کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں حملے کے ملزم کی شناخت سمت اپوروا پٹیل (Samit Apurva Patel) کے نام سے کی گئی ہے۔ خاندان نے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب ہاپکنز پولیس نے واقعے کے سلسلے میں متعدد سرچ وارنٹ پر کارروائی کی ہے اور شواہد جمع کیے جارہے ہیں، تاہم پولیس نے تاحال مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

واقعے پر امریکی رکنِ کانگریس الہان عمر نے محمد یوسف اور ان کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ نسلی تشدد کی یہ خوف ناک کارروائی ناقابلِ قبول ہے اور کسی بھی شخص کو اپنی شناخت کی وجہ سے خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔

الہان عمر نے صومالی برادری کے خلاف مسلسل نفرت انگیز مہم اور انہیں انسانیت سے محروم دکھانے کی کوششوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے حقیقی اور سنگین نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے اس تشدد کی غیر مبہم الفاظ میں مذمت کرنے اور معاشرے کو تقسیم کرنے والی نفرت کو مسترد کرنے پر زور دیا۔

معروف مسلم مذہبی اسکالر ڈاکٹر عمر سلیمان نے بھی صومالی برادری کے خلاف بڑھتے ہوئے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صومالی برادری پر حملوں کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ محمد یوسف اپنے خاندان کی کفالت کے لیے کام پر نکلے تھے، لیکن اب ایک خوف ناک حملے کے بعد زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

اہلِ خانہ نے بھی واقعے کو ’’خالص نفرت انگیز جرم‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے پیدا کیا جانے والا مخالفانہ ماحول اس طرح کے واقعات کو ہوا دے رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صومالی برادری کے افراد بھی دوسرے شہریوں کی طرح عزت، تحفظ اور اپنے خاندان کی کفالت کے لیے محفوظ ماحول میں کام کرنے کے حق دار ہیں۔

Support Independent Media

Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.

Support Millat Times

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top