آزاد صحافت اور تازہ خبروں کے لیے ملت ٹائمز ایپ سے جڑیں۔
ایپ انسٹال ہے تو کھلے گی، ورنہ Google Play کھلے گا۔سابق رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے پولیس کارروائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے قانونی بنیاد پوچھی، مفتی شمائل ندوی اور میرواعظ عمر فاروق نے بھی مولانا قاسمی کی حمایت کی
جموں و کشمیر وقف بورڈ کے ایک پروگرام میں وندے ماترم بجائے جانے کے معاملے نے اب نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ مسلم مذہبی تنظیموں کی جانب سے اعتراضات کے بعد معروف عالم دین مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کو پولیس کے ذریعے طلب کیے جانے پر مذہبی اور سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے پولیس کی اس کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے اور جموں و کشمیر پولیس سے سوال کیا ہے کہ آخر کس قانون کے تحت مولانا قاسمی کو طلب کیا گیا؟ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں آغا سید روح اللہ مہدی نے کہا کہ مولانا قاسمی جیسے معزز مذہبی رہنما کو ہراساں کرنا ایک ناقابل قبول حد ہے۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر وضاحت کرے کہ اس معاملے میں کس قانونی بنیاد پر تحقیقات کی گئیں اور مولانا کو طلب کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔یہ کارروائی متحدہ مجلس علماء (ایم ایم یو) کی جانب سے وقف بورڈ کے پروگرام میں وندے ماترم شامل کیے جانے پر اعتراضات کے بعد سامنے آئی ہے۔
معروف اسلامی اسکالر مفتی شمائل ندوی نے بھی مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کی حمایت کرتے ہوئے ان کے موقف کو سراہا ہے۔ انہوں نے وندے ماترم کو معمول کی چیز بنانے اور اس کی لازمی ادائیگی کی حمایت کرنے والے بعض علماء کی کوششوں پر تنقید کی۔مفتی شمائل ندوی نے اپنے بیان میں کہا کہ علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی عقائد اور مسلمانوں کے مذہبی آزادی کے حق کا دفاع کریں، خصوصاً ایسے معاملات میں جہاں مذہبی حساسیت وابستہ ہو۔ انہوں نے عقیدۂ توحید کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مسلمانوں سے اپنے مذہبی عقائد کے تحفظ کے معاملے میں بیدار رہنے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی انہوں نے سیاسی مصلحتوں اور عملی سمجھوتوں کے نام پر مذہبی اصولوں سے سمجھوتہ کرنے والے علماء پر بھی تنقید کی۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
وندے ماترم تنازع کی ابتدا 23 نومبر کو ہوئی، جب سری نگر میں شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (SKUAST) میں جموں و کشمیر وقف بورڈ کے زیر اہتمام ایک پروگرام کے دوران وندے ماترم بجایا گیا۔یہ پروگرام وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی نے منعقد کیا تھا، جس میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو نے شرکت کی تھی۔ اس کے علاوہ نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد اور شیعہ رہنما عمران انصاری سمیت متعدد سیاسی رہنما اور مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں۔پروگرام کے دوران وندے ماترم بجائے جانے پر کئی مسلم علماء کے کھڑے ہونے کی ویڈیوز بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس کے بعد مسلم طبقے کے ایک حصے میں شدید ناراضگی پیدا ہوئی۔25 نومبر کو اس پروگرام میں شریک علماء کے ایک گروپ نے ویڈیو بیان جاری کرکے اپنی شرکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے عمل پر اللہ تعالیٰ سے معافی مانگ چکے ہیں۔ بعض علماء نے اس موقع پر کلمۂ شہادت بھی پڑھا۔
متحدہ مجلس علماء کا سخت اعتراض
اس واقعے کے بعد میرواعظ عمر فاروق کی قیادت میں جموں و کشمیر کی مختلف اسلامی مذہبی تنظیموں اور مکاتب فکر کی نمائندہ تنظیم متحدہ مجلس علماء نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام وطن سے محبت کی تعلیم دیتا ہے، لیکن وطن سے محبت اور مادرِ وطن کی عبادت یا اسے الوہیت کا درجہ دینے کے درمیان واضح فرق ہے۔مجلس علماء نے کہا کہ کسی بھی ایسے اظہار یا عمل سے جس میں مادرِ وطن کو الوہیت کا درجہ دیا جائے، اسلام کے بنیادی عقیدے توحید کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔تنظیم نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ وقف بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پروگرام میں وندے ماترم بجانے کی ضرورت ہی کیا تھی، جب کہ وقف بورڈ ایک ایسا ادارہ ہے جس کی بنیادی ذمہ داری مسلمانوں کے مذہبی اوقاف اور ان کے تقدس کا تحفظ کرنا ہے۔ مجلس علماء کا کہنا تھا کہ وندے ماترم کو پروگرام میں شامل کیے جانے سے کشمیری مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ تنظیم نے مسلم اکثریتی جموں و کشمیر میں سرکاری تقریبات کے دوران اس گیت کو معمول کے طور پر شامل کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی۔تنظیم نے کہا کہ وہ اس معاملے میں قانونی رائے حاصل کرنے اور متعلقہ حکام کو باضابطہ عرضداشت پیش کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس کا مطالبہ ہے کہ سرکاری تقریبات، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی پروگراموں میں وندے ماترم کو زبردستی نافذ کرنے کی کوششیں بند کی جائیں۔
میرواعظ عمر فاروق نے بھی پولیس کارروائی پر اٹھائے سوالات
ادھر میرواعظ عمر فاروق نے بھی مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کو پولیس کے ذریعے طلب کیے جانے پر تشویش ظاہر کی ہے۔27 نومبر کو جاری اپنے بیان میں میرواعظ نے کہا کہ مولانا قاسمی کو ایک روز قبل پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا اور وہاں انہیں تنبیہ کی گئی۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اب مذہبی رہنماؤں کے لیے اپنے عقیدے سے متعلق معاملات پر تحفظات کا اظہار کرنا بھی ممکن نہیں رہا اور کیا انہیں اس کے لیے انتظامی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا؟ میرواعظ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ مذہبی معاملات میں جبر اور زبردستی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔وندے ماترم کے معاملے نے جموں و کشمیر میں مذہبی آزادی، آئینی حقوق اور سرکاری تقریبات میں قومی علامتوں کے استعمال سے متعلق بحث کو ایک بار پھر تیز کردیا ہے۔اب تک اس تنازع میں بنیادی بحث وندے ماترم کی مذہبی حیثیت اور پروگرام میں مسلم علماء کی شرکت کے گرد گھوم رہی تھی، لیکن مولانا قاسمی کو پولیس کے ذریعے طلب کیے جانے کے بعد معاملے نے ایک نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ اس کارروائی نے یہ سوال بھی کھڑا کردیا ہے کہ مذہبی معاملات میں اختلاف یا اعتراض کا اظہار کرنے والوں کے ساتھ انتظامیہ کا رویہ کیا ہونا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ 27 نومبر تک دستیاب اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کو طلب کرنے کی قانونی بنیاد کے بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی تھی۔
Support Independent Media
Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.
Support Millat Times