لندن کی دو مساجد کو نشانہ بنانے کی مبینہ سازش، 14 سالہ لڑکے پر دہشت گردی کا مقدمہ

لندن کی دو مساجد کو نشانہ بنانے کی مبینہ سازش، 14 سالہ لڑکے پر دہشت گردی کا مقدمہ
mt-staff

mt-staff

16 July 2026 (Publish: 07:03 AM IST)

برطانیہ میں 14 سالہ ایک لڑکے پر دہشت گردی کی کارروائی کی تیاری کے الزام میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم پر لندن کے علاقے سٹن (Sutton) میں واقع دو مساجد کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی کا الزام ہے، جس کا تعلق انتہاپسند دائیں بازو کی دہشت گردی سے بتایا جا رہا ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق لڑکے کو ابتدا میں جنوبی لندن میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچانے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم تفتیش کے دوران اس کے قبضے سے تشویشناک دستاویزات برآمد ہوئیں، جن کے بعد انسداد دہشت گردی یونٹ نے تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پر 9 جولائی یا اس سے قبل دہشت گردانہ کارروائی کی تیاری اور نسلی منافرت پر مبنی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے اور جمعرات کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

جنوبی لندن پولیس کے سینئر افسر ڈیٹیکٹو چیف سپرنٹنڈنٹ نک بلیک برن نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اسلامی تہوار کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی سازش اور ایک مسجد کے باہر حملے جیسے واقعات کے بعد اس نوعیت کے معاملات کے مسلم برادری پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

انسداد دہشت گردی پولیس کی سربراہ کمانڈر ہیلن فلاناگن نے اس مقدمے کو نہایت سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ کم عمر افراد میں انتہاپسندانہ رجحانات کے بڑھتے ہوئے واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے باعثِ تشویش ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں گشت بڑھا دیا گیا ہے، تاہم فی الحال کسی بڑے یا مسلسل خطرے کے شواہد نہیں ملے اور اس معاملے میں کسی دوسرے شخص کی تلاش نہیں کی جا رہی۔

Support Independent Media

Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.

Support Millat Times

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top