قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور بڑھتی ہوئی کشیدگی فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرے۔
یہ مطالبہ بدھ کو دوحہ میں شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی اور فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ خلیل الحیہ کی قیادت میں آنے والے وفد کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آیا۔ ملاقات غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اضافے کے فوری بعد ہوئی۔
اس سے چند گھنٹے قبل غزہ شہر کے ایک پولیس اسٹیشن پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 9 فلسطینی شہید ہوگئے تھے، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔
قطری وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ملاقات میں غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔
شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد مکمل کرنے کے لیے حماس کی جانب سے پیش کیے گئے ’’روڈ میپ‘‘ کو قبول کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
قطری وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام ’’غزہ میں ہمارے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی تکالیف ختم کرنے اور سلامتی و استحکام کی ان کی خواہشات پوری کرنے‘‘ میں معاون ثابت ہوگا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث فلسطینیوں کی مشکلات بدستور برقرار ہیں اور قطر جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد آگے بڑھانے کے لیے سفارتی کوششوں میں مصروف ہے۔
Support Independent Media
Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.
Support Millat Times