2002 کے گجرات فسادات مسلمانوں کے خلاف پہلے سے منصوبہ بند مہم تھے؛ برطانوی تحقیقاتی رپورٹ کا انکشاف

برطانوی رپورٹ کا انکشاف: گجرات میں مسلمانوں کا قتلِ عام پہلے سے منصوبہ بند تھا
mt-staff

mt-staff

20 November 2026 (Publish: 10:36 AM IST)

آزاد صحافت اور تازہ خبروں کے لیے ملت ٹائمز ایپ سے جڑیں۔

ایپ انسٹال ہے تو کھلے گی، ورنہ Google Play کھلے گا۔
ایپ کھولیں / ڈاؤن لوڈ کریں

2002 کے گجرات فسادات کے حوالے سے برطانوی حکومت کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والے حملے محض گودھرا ٹرین واقعے کے ردعمل میں اچانک پیش آنے والا تشدد نہیں تھے، بلکہ یہ ایک سیاسی محرکات پر مبنی مہم تھی، جس کی منصوبہ بندی پہلے سے کیے جانے کا امکان تھا۔ رپورٹ میں ان حملوں کی قیادت وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ذمہ داران سے منسوب کی گئی ہے۔دی کارواں میگزین کو حاصل ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق، برطانوی حکام نے اپریل 2002 میں گجرات کا دورہ کرنے کے بعد یہ رپورٹ تیار کی تھی۔ اس میں اندازہ لگایا گیا تھا کہ فسادات میں کم از کم 2 ہزار افراد ہلاک ہوئے، جو اس وقت حکومت کی جانب سے بتائی گئی 840 ہلاکتوں کی تعداد سے کہیں زیادہ تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ تقریباً ایک لاکھ 38 ہزار افراد بے گھر ہوئے، جن میں ایک لاکھ سے زائد مسلمان تھے۔رپورٹ میں مسلم خواتین کے خلاف بڑے پیمانے پر اور منظم جنسی تشدد کا ذکر کیا گیا ہے، جس میں پولیس اہلکاروں کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے واقعات بھی شامل ہیں۔ برطانوی حکام نے کہا کہ تشدد کی شدت اور مسلمانوں کی ملکیت والے کاروباروں کی تباہی کو اصل پیمانے سے کہیں کم ظاہر کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، 27 فروری 2002 کو گودھرا میں ٹرین پر حملے کو مسلمانوں کے خلاف تشدد کے لیے محض ایک بہانے کے طور پر استعمال کیا گیا۔ برطانوی حکام کو پولیس ذرائع نے بتایا کہ بلوائیوں کے پاس کمپیوٹر سے تیار کردہ فہرستیں موجود تھیں، جن کی مدد سے وہ مسلمانوں کے گھروں اور کاروباری اداروں کی شناخت کرکے انہیں نشانہ بنا رہے تھے۔ یہ تفصیلات تشدد کی پیشگی منصوبہ بندی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے: ’’27 فروری کو گودھرا میں ٹرین پر حملے نے تشدد کے لیے ایک بہانہ فراہم کیا۔ اگر یہ واقعہ پیش نہ آتا تو کوئی دوسرا بہانہ تلاش کر لیا جاتا۔‘‘تحقیقاتی رپورٹ میں اس وقت کے گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کی قیادت والی ریاستی حکومت کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ اس میں ایسے بیانات کا حوالہ دیا گیا ہے جن کے مطابق ریاستی وزرا تشدد میں شریک تھے اور پولیس کو کارروائی کرنے سے روکا جا رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، پولیس سے رابطے میں رہنے والے ذرائع نے اس بات کی تردید کی کہ مودی نے براہِ راست پولیس اہلکاروں کو کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی تھی، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ریاستی حکومت کے دباؤ نے پولیس کی کارروائی کو محدود کر دیا تھا۔برطانوی حکام نے اپنی رپورٹ میں سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وشو ہندو پریشد اور اس کے اتحادیوں نے ریاستی حکومت کی حمایت سے کام کیا اور انہیں ایسے ماحول سے فائدہ پہنچا جس میں تشدد کرنے والوں کو سزا سے بچنے کا یقین تھا۔ رپورٹ نے مودی کو تشدد کا ’’براہِ راست ذمہ دار‘‘ قرار دیا اور اس کے لیے ان کی حکومت کے طرزِ عمل کے ساتھ وی ایچ پی کے ہندوتوا نظریے سے ان کی نظریاتی ہم آہنگی کا حوالہ دیا۔رپورٹ میں مسلمانوں کے کاروباروں کی تباہی اور ہندو اکثریتی علاقوں سے مسلمانوں کو بے دخل کرنے کی کوششوں کو نسلی تطہیر (ایتھنک کلینزنگ) کی علامات سے تعبیر کیا گیا ہے۔

برطانوی تحقیقاتی رپورٹ نے انسانی بحران سے نمٹنے میں حکومت کی کارکردگی پر بھی تنقید کی۔ اس میں راحتی سہولتوں کی کمی، بے گھر افراد کے کیمپوں کی خراب صورتِ حال اور معاوضے کی ابتدائی پالیسی میں امتیازی سلوک کی نشاندہی کی گئی۔رپورٹ نے خبردار کیا تھا کہ پولیس اور عدلیہ پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے اور جب تک نریندر مودی وزیر اعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مفاہمت کی بحالی مشکل ہوگی۔

Support Independent Media

Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.

Support Millat Times

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top