اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں چھ ماہ کے معصوم سمیر کے قتل کے معاملے میں پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ یہ واردات بچے کی ماں شبانہ اور اس کے یار وشال نے مل کر انجام دی۔
پولیس کے مطابق سہارنپور کے رہائشی عمران کی اہلیہ شبانہ کی دوستی انسٹاگرام کے ذریعے ہاپوڑ کے رہنے والے وشال سے ہوتی ہے۔ بعد ازاں دونوں کے درمیان ملاقاتیں ہوئیں اور تعلقات قائم ہوگئے۔
تحقیقات کے مطابق 12 جولائی کو شبانہ اپنے چھ ماہ کے بیٹے سمیر کو دوا دلانے کے بہانے گھر سے نکلی، مگر میرٹھ پہنچ گئی، جہاں رات کے وقت اس کی ملاقات وشال سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وشال نے بچے کو اپنے ساتھ رکھنے سے انکار کرتے ہوئے یہ کہہ کر اسے اپنے ساتھ لے گیا کہ وہ اسے ایک دوست کے گھر چھوڑ کر آتا ہے، لیکن اس نے مبینہ طور پر سمیر کو ایک گہرے نالے میں پھینک دیا۔
اگلے روز 13 جولائی کو مقامی لوگوں نے نالے میں ایک بچے کی لاش دیکھی، جس کے بعد پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کی۔
پولیس کے مطابق شبانہ بعد میں وشال کے ساتھ ہاپوڑ چلی گئی۔ 26 جولائی کو شوہر عمران اپنی بیوی اور بیٹے کی تلاش میں ہاپوڑ پہنچا، جہاں شبانہ تو مل گئی، لیکن سمیر کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ پوچھ گچھ کے دوران معاملہ سامنے آیا، جس کے بعد پولیس نے لاش کی تصاویر کے ذریعے بچے کی شناخت سمیر کے طور پر کرائی۔
پولیس نے اس معاملے میں وشال کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ شبانہ کے کردار کی بھی تفتیش جاری ہے۔
Support Independent Media
Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.
Support Millat Times