نظر الاسلام ندوی
مشہور عالمِ دین، محقق اور تقابلی مطالعۂ مذاہب کے ماہر مفتی ڈاکٹر یاسر ندیم الواجدی کے خلاف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ کارروائی ایک وائرل ویڈیو کے بعد سامنے آئی، جس میں ان کی ایک آن لائن نشست کے مختصر حصے کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔
مفتی ڈاکٹر یاسر ندیم الواجدی ہر ہفتے یوٹیوب پر براہِ راست علمی نشست کرتے ہیں، جس میں اسلام پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کے جوابات دیے جاتے ہیں، مختلف مذاہب سے متعلق سوالات پر گفتگو ہوتی ہے اور فکری و نظریاتی موضوعات کو علمی و تہذیبی انداز میں زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔ تقابلی مطالعۂ مذاہب میں ان کی مہارت کے باعث ان کے یہ پروگرام خاصی توجہ حاصل کرتے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کی بنیاد پر درج کیا گیا۔ شکایت کنندہ ہردر چوہدری نے الزام عائد کیا کہ ایک آن لائن کورس کے دوران مفتی یاسر ندیم الواجدی سے سوال کیا گیا تھا کہ خدا کی نظر میں مورتی پوجا بڑا جرم ہے یا کسی لڑکی کے ساتھ بدتمیزی (زیادتی)۔ شکایت کے مطابق، مفتی صاحب نے اپنے جواب میں ایسا تبصرہ کیا جسے شکایت کنندہ نے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والا قرار دیا۔
شکایت موصول ہونے کے بعد منگلور پولیس نے مختلف قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ تھانہ انچارج لوکیندر سنگھ نے ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
تفتیشی افسر سندیپ کمار کے مطابق، ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو سمیت تمام دستیاب مواد کی جانچ کی جا رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد آئندہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حالانک کہ حقیقت یہ کہ مفتی یاسر ندیم الواجدی کی مکمل گفتگو کو سیاق و سباق سے الگ کر کے پیش کیا گیا۔ مفتی صاحب نے اپنی گفتگو میں واضح کیا تھا کہ اسلامی عقیدے کی رو سے شرک سب سے بڑا گناہ ہے، لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ زیادتی جیسے جرائم معمولی یا قابلِ معافی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اسلام میں زیادتی ایک نہایت سنگین جرم ہے اور اس کے لیے سخت ترین سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
مثلا کسی ملک میں چوری یا دیگر جرائم سنگین ہوتے ہیں، لیکن ریاست ہی کے خلاف بغاوت کو زیادہ بڑا جرم سمجھا جاتا ہے، اسی طرح اسلامی عقیدے میں شرک کی سنگینی کو سمجھا جاتا ہے، جب کہ معاشرتی جرائم اپنی جگہ سخت قابلِ سزا ہیں۔
واضح رہے کہ مفتی ڈاکٹر یاسر ندیم الواجدی ہندوستانی نژاد امریکی شہری ہیں اور اس وقت شکاگو (امریکہ) میں مقیم ہیں۔ وہ ایک اسلامی تعلیمی ادارے کے بانی اور ڈائریکٹر بھی ہیں اور علمی و فکری موضوعات پر ان کی تقاریر اور آن لائن کورسز دنیا بھر میں دیکھے جاتے ہیں۔
Support Independent Media
Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.
Support Millat Times