ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے اعلان کیا ہے کہ اگر ملک میں کوئی اسرائیلی شہری پایا گیا تو اسے فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے گا، کیونکہ ملائیشیا اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حکام جنوبی ریاست جوہر میں ایک نجی رہائشی کمیونٹی کے انتظامی امور میں ایک مبینہ اسرائیلی شہری کے ملوث ہونے کے الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ متعلقہ ادارے ان الزامات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اگر تحقیقات میں ان کی تصدیق ہو گئی تو حکومت کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔ انہوں نے کہا، “اگر ہمیں کوئی اسرائیلی شہری ملا تو ہم اسے فوراً ملک بدر کر دیں گے، کیونکہ ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے۔”
واضح رہے کہ ملائیشیا اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں اور عام حالات میں اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کو خصوصی حکومتی اجازت کے بغیر ملائیشیا میں داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے ریاست جوہر میں واقع نیٹ ورک اسکول سے متعلق الزامات کے بعد وفاقی سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ امیگریشن حکام کے مطابق فاریسٹ سٹی میں جانچ کے دوران 266 غیر ملکیوں کی دستاویزات درست پائی گئی ہیں۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔
Support Independent Media
Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.
Support Millat Times