آزاد صحافت اور تازہ خبروں کے لیے ملت ٹائمز ایپ سے جڑیں۔
ایپ انسٹال ہے تو کھلے گی، ورنہ Google Play کھلے گا۔2028 کے مہاکمبھ کے انتظامات کے نام پر انہدامی کارروائی کی شدید مذمت؛ متاثرین کو ہر ممکن قانونی اور اخلاقی تعاون فراہم کرنے کا اعلان
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں 2028 میں منعقد ہونے والے سمستھا مہاپرو (مہاکمبھ) کے انتظامات کے نام پر قدیم شاہی مقبرے، مسجد قلندری، ایک درجن سے زائد مساجد و مزارات اور دیگر املاک کو منہدم کیے جانے کی سخت مذمت کی ہے۔ بورڈ نے اس کارروائی کو غیر قانونی، غیر منصفانہ اور آئینِ ہند کے بنیادی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔
بورڈ کے قومی ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے اپنے ردعمل میں کہا کہ 2028 کے مہاکمبھ کے انتظامات کے نام پر تاریخی مذہبی مقامات اور قدیم عمارتوں کو مسمار کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ ان کے مطابق، 21 نومبر کو علی الصبح تقریباً پانچ بجے ریلوے انتظامیہ نے بھاری پولیس نفری اور نیم فوجی دستوں کی موجودگی میں مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر واقع شاہی مقبرے، مسجد قلندری، ایک درجن سے زائد مزارات اور دیگر املاک کو بلڈوزر کے ذریعے منہدم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی انتہائی عجلت میں اور قانونی تقاضوں کو نظرانداز کرتے ہوئے انجام دی گئی۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے مسجد قلندری، شاہی مقبرے، متعدد مزارات کے ساتھ متولی کی رہائش گاہ کو بھی منہدم کردیا۔ وقف کمیٹی کے صدر قاضی مولانا عارف ندوی کے مطابق، اس اراضی سے متعلق معاملہ ابھی بھوپال وقف ٹریبونل میں زیرِ سماعت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کو فرضی کرایہ دار قرار دے کر انہدامی کارروائی کی راہ ہموار کی گئی اور علی الصبح آپریشن انجام دیا گیا۔ جب معاملہ متعلقہ ٹریبونل میں زیرِ التوا تھا تو قانونی فیصلے سے پہلے اس طرح کی کارروائی انصاف کے مسلمہ اصولوں کے منافی ہے۔ اس انہدام کے نتیجے میں کئی قدیم اور تاریخی ورثے کی حامل عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ قاضی مولانا عارف ندوی اور مقامی ذمہ داران کے عدالت سے رجوع کرنے کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور متاثرہ کمیٹی کو ہر ممکن قانونی اور اخلاقی تعاون فراہم کرے گا۔ مسجد کمیٹی کے مطابق، مسجد قلندری تقریباً 636 سال قدیم ہے اور اسے 1390ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ اگر انتظامیہ بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور دیگر انتظامات کرنا چاہتی تھی تو اس کے لیے متبادل راستے اختیار کیے جاسکتے تھے، لیکن تاریخی اور مذہبی عمارتوں کو منہدم کرنے کا راستہ اختیار کرنا ناقابل فہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی سے بادی النظر میں آئینِ ہند کی دفعات 14، 25، 26 اور 300-A میں درج مساوات، مذہبی آزادی اور املاک کے تحفظ کے اصولوں کی خلاف ورزی کا سوال پیدا ہوتا ہے۔ بورڈ اس معاملے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کے مقامی ذمہ داران کے فیصلے کی حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ عدالت اس کا جائزہ لے کر متاثرین کو انصاف فراہم کرے گی۔
ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ گزشتہ چند برسوں سے بی جے پی کے زیرِ اقتدار بعض ریاستوں میں مختلف بہانوں اور انتظامی اقدامات کی آڑ میں تاریخی مساجد، مقبروں اور مزارات کو نشانہ بنائے جانے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے معاملے میں حکومتوں کو بلاامتیاز آئین، قانون اور عدالتی تقاضوں کی پابندی کرنی چاہیے۔ ایسے حساس معاملات پر خاموشی اختیار کرنا بھی تشویش ناک ہے، خصوصاً ان سیاسی جماعتوں کے لیے جو خود کو سیکولر اور آئین کی علمبردار قرار دیتی ہیں۔
Support Independent Media
Click Here and Join the Membership of Millat Times to Support Independent Media.
Support Millat Times