مہاراشٹرا میں اویسی کی تصویر پر دلتوں نے چڑھایا دودھ ،جے میم جے بھیم کے لگائے نعرے

ممبئی ۔4جنوری(ملت ٹائمز محمد قیصر صدیقی)
معروف سیاسی رہنما اور مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی کی مقبولیت مسلسل بڑھتی جارہی ہے ،مسلمانوں اور مسلم نوجوانوں کے ساتھ غیر مسلم طبقہ بالخصوص دلتوں میں بھی ان کی شخصیت پسندید ہ اور مقبول بنتی جارہی ہے اور انہیں ایک عظیم لیڈر کی حیثیت سے دیکھا جارہاہے ۔
ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائر ل ہورہی ہے جس میں دلت برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان بیرسٹر اسد الدین اویسی کی تصویر پر دودھ چڑھارہے ہیں اور جے میم جے بھیم کے نعرے بھی لگارہے ہیں ۔تحقیق کے مطابق یہ ویڈیومہاراشٹر ا کے ایک دلت علاقے کی ہے تاہم کس خاص جگہ کی ہے ،کب کی ہے اور کس پس منظر میں یہ دلت نوجوان دودھ چڑھارہے ہیں اس بارے میں ملت ٹائمز کے پاس کوئی تحقیق نہیں ہے ۔
واضح رہے کہ مجلس اتحاد المسلمین کی مسلمانوں کے ساتھ دلتوں پر بھی خصوصی توجہ ہے اور انتخابات میں مسلمانوں کے ساتھ دلتوں کو بھی ٹکٹ دیا جاتاہے ،اتر پردیش میں مجلس کے ٹکٹ پر مسلمانوں کے ساتھ بہت سے دلتوں نے بھی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے ۔اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے موقع پر مجلس اور بی ایس پی کے درمیا ن اتحاد کی خبریں بھی گردش کررہی تھیں تاہم ایسا ہوا نہیں تھا ۔تجزیہ نگاروں کا مانناہے کہ مسلمانوں او ردلتوں کا اتحا د ملک کی موجودہ سیاست میں بیحد اہم ہے اور مجلس اس سلسلے میں مسلسل پیش رفت کررہی ہے ۔