اورنگ آباد تبلیغی اجتماع میں 129 ممالک کی شرکت ۔آج دس لاکھ افراد کی شرکت متوقع ،مہاراشٹرا حکومت کی جانب سے تمام مسلم اسکولوں میں چھٹی کا اعلان

اورنگ آباد۔26فروری(ملت ٹائمز)
اورنگ آباد شہر سے 22 کلومیٹر کی دوری پر لمبے جلگاﺅں کے نام سے ایک دیہات آباد ہے۔ اس گاﺅں میں تبلیغی اجتماع کے لئے گزشتہ 8 ماہ سے تیاریاں چل رہی تھیں اور آج اس اجتماع کو دوسرا دن ہے۔اس اجتماع کے انعقاد میں حکومت کا بھی خاموش تعاون حاصل ہے۔ اجلاس کے آخری دن یعنی کل پیر کو حکومت مہاراشٹر نے تمام مسلم اسکولوں کی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے تاکہ لوگ دعا میں شریک ہو سکیں۔ موصول اطلاع کے مطابق اورنگ آباد اجتماع میں 129 ممالک سے70 ہزار سے زائد شرکاءکی شرکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تبلیغی جماعت دو حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے اور اس کا ایک حصہ مولانا سعد کا حامی ہے جبکہ دوسرا مولانا کا مخالف ہے۔ تقسیم کے بعد یہ پہلا بڑا اجتماع ہے اس لئے مولانا سعد نے اپنا قد دکھانے کے لئے پوری طاقت جھونک دی ہے۔لمبے جلگاوں میں زبردست رونق ہے اور تقریبا چار لاکھ لوگ وہاں موجود ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ آخری دن ی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہو جائے گی ویسے انتظامیہ نے 15 لاکھ افراد کا انتظام کیا ہو اہے۔ ملک بھر سے اللہ کے دین کی سربلندی کے متمنی نوجوان اجتماع گاہ کی زمین کو ہموارکرنے سے شامیانے لگانے ،وضو خانوں ، طہارت خانوں اور دیگر امور کو مکمل کرنے میں دن رات ایک کیا جب جاکر یہ جگہ تیار ہوئی۔آج لاکھوں فرزندان توحید اجتماع گاہ میں موجود تھے۔ اجتماع 26 فروری ،بروز پیر ، صبح دعاکے بعد اختتام پذیر ہوگا۔ امیرانتظامی امور تبلیغی اجتماع کے مطابق عالمی تبلیغی اجتماع میں حضرت مولانا محمد سعد کاندھلوی دامت برکاتہم کی موجودگی میں ملک وبیرونی ملک سے لاکھوں بندگان توحید پہنچے۔
واضح رہے اجتماع کی تیاریوں میں سماج کے تمام افراد نے بھر پور تعاون کیا ہے۔ خصوصاً برادران وطن بھی ہرممکن مدد کررہے ہیں۔انہوں نے اجتماع گاہ کے لیے اپنی زمین مفت فراہم کی ہے۔ 87 لاکھ مربع فٹ اراضی پر وسیع و عریض پنڈال ( شامیانے ) نصب کیے گئے ہیں۔ جس میں تقریباً 10 لاکھ افراد کے بیٹھنے اورسونے کا انتظام کیا گیاہے۔3 ہزار سے زائد علماءکرام و حفاظ عظام کے قیام و طعام کانظم علیحدہ کیا گیاہے۔ اسٹیج 2570مربع فٹ کا بنایا گیا ہے۔ پنڈال (شامیانے) کو چالیس حصوںمیں تقسیم کیاگیا۔ ریاست مہاراشٹر کے 32 اضلاع کے لیے علیحدہ شامیانے بنائے گئے ہیں۔
ہرضلع کے شامیانے میں پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اجتماع گاہ میں 3000 وضو خانے بنانے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 7500 ساڑھے سات ہزار طہارت خانے اور 1200 غسل خانے بنائے گئے ہیں۔ ہر ضلع کے لیے ہوٹلوں کا انتظام کیاگیا ہے۔ایک ضلع کے چار زون میں ایک سو تین ہوٹل رہیں گے۔ ان ہوٹلوں میں ایک ساتھ پانچ ہزار افراد کھانا کھاسکتے ہیں۔ اس طرح اجتماع گاہ میں چھوٹے بڑے 3000 ہوٹل رہیں گے۔
اس سہ روزہ اجتماع میں تقریباً 450 کروڑ لیٹر پانی کی ضرورت ہوگی۔ پانی کی ضرورت پوری کرنے کی خاطر14 چھوٹے بڑے تالاب تعمیر کیے گئے ہیں۔ لیب میں جانچ کے بعد پینے کاپانی فراہم کیا جائے گا۔ اجتماع گاہ میں طبی سہولیات کا معقول انتظام کیا گیا ہے۔ بجلی کی فراہمی کا بھی بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن پر رہنمائی و استقبالیہ کاﺅنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ اجتماع گاہ میں 1400 ایکر زمین پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اورنگ آباد کے اس سہ روزہ تبلیغی اجتماع میں ریاست مہاراشٹر کے تمام اضلاع کے علاوہ اترپردیش ، گجرات ، راجستھان ، مدھیہ پردیش ،آندھرپردیش، تیلنگانہ ، کرناٹک ، کیرالا ، تمل ناڈو اور دیگر ریاستوں کے علاوہ بیرونی ممالک میں قیام پذیرہندستانی اور دیگر ممالک کے تبلیغی ذمہ داران بھی عالمی مشورہ میں شرکت کریں گے۔(بشکریہ قومی آواز)