موجودہ حالات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں: مولانا عبداللہ مغیثی

دیوبند،27فروری( ملت ٹائمز سمیر چودھری)
آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر حکیم مولانا عبداللہ مغیثی نے ملک کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں مایوس ہونے اور گھبرانے کی قطعی ضرورت نہیں ہے ملی کونسل نے ہمیشہ ایک وسیع دائرہ عمل مین اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور ملت کو ہر طرح کے خطرات و خدشات سے بیدار و آگاہ کیا۔مولانا موصوف آل انڈیا ملی کونسل کے 25 سال مکمل ہونے پر ملی کونسل کی 25 سالہ کارکردگی کو ملت اسلامیہ کے درمیان پہونچانے کے لئے منعقد ایک اہم اور باوقار تقریب ”جشن سیمیں سلور جبلی“ دارالسرور میسورمیں خطاب کررہے تھے۔ اسی اجلاس میں جامعہ رحمت گھگرولی کے سالانہ ”مغیثی کیلنڈر 2018 “ کا اجراءسرپرست جامعہ بانی مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی کے دست مبارک سے ہوا۔ جو کہ ہر سال صدر آل انڈیا ملی کونسل کے نام سے مغیثی کیلنڈر ہر سال شائع ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ آل انڈیا ملی کونسل جو کہ مسلمانان ہند کا مشترکہ و متحدہ پلیٹ فارم ہے اور جس کا وجود صرف اور صرف کلمہ طیبہ کی بنیاد اور تحفظ مسلمین کی وجہ سے عمل میں آیا تھا جس کو وقت کے جید علماءکرام اور دانشوران قوم و ملت سیاسی و سماجی عمائدین پروفیسر و ماہرین قانون کی حمایت اور سرپرستی حاصل رہی ہے اور آج بھی ملت کا عظیم طبقہ اس سے وابستہ ہے اس کی داغ بیل سب سے پہلے، مجاہد آزادی شیر میسور کے شہر میں ڈالی گئی تھی۔کونسل کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی مالی فراہمی اور تنظیم کی غرض کو ملت میں عام کرنے کے لئے غور و خوض ہوا اور ارکان عاملہ کی خالی چار نشستوں کو اتفاق رائے سے پورا کیا جس میں ایک نشست پر تنظیم کے بہت ہی کم عمر و فعال کارکن آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع سہارنپور کے صدر اور مشہور دینی جامعہ رحمت گھگرولی کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی کے نام کا اعلان کیا گیا۔ جس کی تمام ارکان عاملہ اور خصوصاً سکیڑی جنرل آل انڈیا ملی کونسل ڈاکٹر ایم منظور عالم نے تائید و توثیق کی۔ جس پر تمام اراکین نے انہیں مبارکباد پیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مجلس عمومی و مدعو خصوصی کے اجلاس میں مقررین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔