بھوپال سے ہتھیار کے ساتھ زبیر مولانا سمیت 7 افراد گرفتار ،دہشت گردانہ حملہ کی سازش رچنے کا الزام

بھوپال(یواین آئی )
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں پولس نے دہشت گردی کے الزام میں زبیرمولانا اور اس کے چھ ساتھیوں کو ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار کر نے کا دعوی کیاہے۔ پولس سب-انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) دھرمیندر چودھری کے مطابق ملزمان کو کل رات خفیہ اطلاع پر بڑبئی جوڑ بائی پاس سے گرفتار کیا گیا۔
نشاط پونہ تھانہ پولیس کو رات میں تقریبا ایک بجے اطلاع ملی، جس کی بنیاد پر علاقہ سے سات افراد کو پکڑ لیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چار طمنچے، 21 کارتوس، دو موٹرسائیکل، دھاردار ہتھیار، نصف درجن سے زیادہ موبائل فون اور 31 ہزار روپے نقد برآمد کرنے کا دعوی کیا۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ ملزم وہاں کسی واردات کو انجام دینے کے مقصد سے آئے تھے۔ لیکن بروقت اطلاع مل جانے کی وجہ سے وہ پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔ گرفتار ملزمان میں زبیر مولانا کے علاوہ محمد وسیم، محمد دانش، سید امن، سلمان، محسن اور ارباز شامل ہیں۔ ان تمام کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ زبیر کے خلاف یہاں کے مختلف تھانہ علاقوں میں چار درجن مقدمات درج ہیں۔ وہ ضلع بدر بھی رہ چکا ہے۔ حال ہی میں اس نے لوگوں میں خوف پیدا کرنے کے مقصد سے آلول پارک میں ہوائی فائر نگ بھی کی تھی۔