کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے سے مایاوتی کا صاف انکار ، کانگریس پر اڑیل رویہ اپنانے کا الزام

کانگریس پارٹی تکبر میں ڈوبی ہوئی ہے۔ کانگریس کا رویہ اڑیل رہا ہے۔ آنے والے انتخابات میں عوام کانگریس کو سبق سکھائیں گے
لکھنو(ایم این این )
لکھنو میں ایک پریس کانفرنس میں مایاوتی نے کہا کہ سونیا اور راہل گاندھی دل سے کانگریس کا گٹھ بندھن چاہتے ہیں لیکن کانگریس میں موجود دگ وجے سنگھ جیسے رہنما گٹھ بندھن میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔
بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے کانگریس کے سینئر رہنما دگ وجے سنگھ پر گٹھ بندھن میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔ لکھنو¿ میں ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ سونیا اور راہل گاندھی دل سے کانگریس کا گٹھ بندھن چاہتے ہیں لیکن کانگریس میں موجود دگ وجے سنگھ جیسے رہنما گٹھ بندھن میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔
بی ایس پی سربراہ نے کانگریس کی منشا پر ہی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسے مسلسل بی جے پی کے ہاتھوں شکست مل رہی ہے۔ اس کے باوجود کانگریس پارٹی اتحاد کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جیسی فرقہ پرست پارٹیوں کو اقتدار سے دور رکھنے کے لئے انہوں نے ہمیشہ کانگریس کا ساتھ دیا ہے، لیکن اس کے بدلے میں اس نے ہمیشہ چھرا گھونپا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بی ایس پی نے جنوبی ہند میں جنتا دل سیکولر اور ہریانہ میں انڈین لوک دل سے گٹھ بندھن کیا لیکن مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس سے گٹھ بندھن نہ ہو سکا۔
مایاوتی نے کہا کہ کانگریس پارٹی تکبر میں ڈوبی ہوئی ہے۔ کانگریس کا رویہ اڑیل رہا ہے۔ آنے والے انتخابات میں عوام کانگریس کو سبق سکھائیں گے۔ مایاوتی نے کہا کہ اب ہماری پارٹی کانگریس کے ساتھ مل کر کبھی بھی الیکشن نہیں لڑے گی۔ مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بی ایس پی اکیلے یا علاقائی پارٹیوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آج الیکشن میں مسلمانوں کو امیدوار بنانے سے ڈر سکتی ہے لیکن بی ایس پی ایسا نہیں کرتی۔

SHARE