انڈیااسلامک کلچرل سینٹر انتخابات :سخت سیکوریٹی کے درمیان ووٹوں کی گنتی جاری ۔سراج الدین قریشی سب سے آگے

6جنوری 2019کو انڈیااسلامک کلچرل سنیٹر کے انتخابات کیلئے ووٹ ڈالے گئے تھے جس میں 3600 ممبران میں سے کل 2042 نے ممبران نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا

نئی دہلی(ملت ٹائمز)
انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر ل انتخابات کے ووٹوںکی گنتی سخت سیکوریٹی کے درمیان آج سینٹر میں جاری ہے جس میں صدر کے دو امیدواروں میں سراج الدین قریشی واضح فرق کے ساتھ سب سے آگے چل رہے ہیں ۔نائب صدر کے پانچ امیدواروں میں بھی سب سے آگے سراج الدین قریشی کے پینل میں شامل ایس ایم خان ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر ایچ آر خان ہیں ۔ تیسر ے نمبر پر خواجہ شاہد اشرف ہیں جبکہ چوتھے نمبر پر یامین قریشی اورایڈوکیٹ محمد ارشاد ہیں ۔ایگزیکیٹو کمیٹی اور بی او ٹی کے امیدواروں میں بھی سب سے آگے سراج الدین قریشی کے پینل میں شامل امیدوار ہیں ۔
ملت ٹائمز کو حاصل شدہ تفصیلات کے مطابق آج 7جنوری کو دوپہردوبجے کے بعدسخت سیکوریٹی کے درمیان ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی جس میں رات کے دس بجے تک صرف 500 ووٹوں کی گنتی عمل میں آئی ہے ۔ماناجارہاہے کہ صبح کے چار بجے تک حتمی نتیجہ سامنے آئے گا ۔ ووٹوں کی گنتی سخت سیکوریٹی کے درمیان ہورہی ہے ۔غیر ضروری افراد کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔جگہ جگہ پولس تعینات ہے ۔ ووٹ شمار کئے جانے کے پور ے عمل کی ویڈیوگرافی ہورہی ہے اور پروجیکٹر کے ذریعہ تمام کاروائی امیدواروں کو دیکھائی جارہی ہے ۔
واضح رہے کہ کل 6جنوری 2019کو انڈیااسلامک کلچرل سنیٹر کے انتخابات کیلئے ووٹ ڈالے گئے تھے جس میں 3600 ممبران میں سے کل 2042 نے ممبران نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ دہلی میں ووٹنگ بوتھ پر کل 1117 ووٹ پڑے جبکہ ملک کے دیگر شہروں اور بیرون ملک سے کل 925 ووٹ بیلٹ پیپر موصول ہوئے ۔
ووٹوں کی گنتی آج دو پہر دو بجے کے بعد شروع ہوئی جس میں پہلے دہلی کے علاوہ شہر وںاورممالک سے موصول ہونے والے ووٹس کی گنتی ہورہی ہے اس کے بعد دہلی میں ڈالے گئے ووٹ شمار کئے جائیں گے ۔اب تک صرف باہر کے 500ووٹوں کا غیر حتمی اور غیر یقینی نتیجہ سامنے آیا ہے جس میں سراج الدین قریشی 350 سے زائد ووٹوں سے آگے ہیں جبکہ عارف محمد خان 100 سے کچھ زائد ووٹ اب تک ملے ہیں ۔ایگزیکیٹیو کمیٹی اور بورڈ آف ٹرسٹیز کیلئے بھی سراج الدین قریشی کے پینل میں شامل سبھی امیدوار دیگر کے مقابلے میں سب سے آگے ہیں ۔دیگر امیدواروں میں کلیم الحفیظ ۔راجیش گپتا ثمینہ نصرین ، فرخ ناز کی پوزیشن قدرے بہتر ہے ۔

SHARE