مکاتب کا نظام اسلامی تعلیمات کی بقاءکا ضامن ،معہد الطیب کی خدمات قابل ستائش :مولانا حفظ الرحمن قاسمی

نئی دہلی ۔13فروری(ملت ٹائمز)
مکاتب کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ،کسی بھی معاشرہ اور سوسائٹی میں مکاتب کا نظام اسلام کی بقاءکا ضامن ہے ،اعلی تعلیم کا انتظام ہرجگہ ہوتاہے لیکن مذہبی کی بنیاد ی تعلیم کی جانب توجہ نہیں ہوتی ہے اس لئے جولوگ مکاتب قائم کرکے چھوٹے چھوٹے بچوں کو مذہب کی تعلیم سے روشناس کرارہے ہیں وہ بہت اہم کارنامہ انجام دے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار معہد الطیب نبی کریم دہلی میں مکاتب کی اہمیت وضرورت پر منعقدہ ایک پروگرام میں مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر دہلی برانچ کے انچار چ مولانا حفظ الرحمن قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا ۔معہد الطیب کے تین سال مکمل ہونے پر منعقد ہونے والے اس پروگرام میں طالبات نے نعت ،تقریر اور مکالمہ پر مشتمل انتہائی خوبصورت پروگرام بھی پیش کیاجس کی تما م حاضرین اور مہمانوں نے خوب تعریف کی ۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو ملت ٹائمز کے ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی نے بھی مکاتب کی اہمیت پر گفتگو کر تے ہوئے کہاکہ بچیوں میں بے پناہ صلاحیت ہیں اور اگراسی طرح کی تربیت ہوتی رہی تومختلف محاذ پر ملت کی نمایاں ترجمانی کا فریضہ انجام دیں گی ۔ مہمان اعزازی کی حیثیت سے مدعو محترمہ شہناز انجم صاحبہ نے بھی معہدالطیب کی کی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ بچیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کی یہ کوشش قابل صدر مبارکباد ہے ۔معروف اسکالر ارشاد ایوب نے بھی مکتب کے ناظم مولانا عامر ظفر قاسمی کی خدمات کو سراہتے ہوئے بے مثال بتایا ۔پروگرام کی نظامت کا فریضہ مکتب کے ناظم مولانا عامر ظفر قاسمی نے انجام دیا اس موقع پر مکتب کی طالبات خدیجہ پروین ،صائمہ پروین ،نرگس پروین ،سامعہ گلفشاں،درخشاں یاسمین ،شائستہ ،ام حبیبہ ،شائقہ ،فضا ء،ثنا انجم نے تقریر ،نعت اور مکالمہ کی شکل میں خوبصورت پروگرام پیش کیا ،اس کے علاوہ اس موقع پر ممتاز عالم ،مرتضی عالم ،محترمہ حسرت پروین ،محترمہ ناصرین اور عبد العظیم وغیرہ بھی موجود تھے ۔