مالیا کو ہندوستان لانے میں 6سے 12ماہ کا وقت لگے گا :ای ڈی

نئی دہلی، (ملت ٹائمز ایجنسیاں)
سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کی ایک خصوصی ٹیم منی لانڈرنگ کے ملزم وجے مالیا کی حوالگی کے لیے لندن جارہی ہے۔ای ڈی کے سینئر حکام نے بتایا کہ برطانیہ سے مالیا کو ہندوستان لانے میں کم از کم 6سے 12ماہ کا وقت لگے گا ۔جانچ ایجنسیوں اور مرکزی حکومت کے لیے مالیا کو واپس لانے کا عمل آسان نہیں ہوگا ۔قیاس لگایا جا رہا ہے کہ اس کے لیے مقامی عدالت میں کم از کم ایک درجن سے زیادہ سماعت ہوگی، ساتھ ہی برطانیہ میں ہائی کورٹوں میں جانے کا ایک آپشن بھی ہوگا۔ایجنسی کے ایک اہلکار نے کہا کہ ہم مالیا کی ضمانت پر رہائی سے مایوس نہیں ہیں، ہم اسے ایک قدم آگے دیکھ رہے ہیں، لیکن ہاں، ابھی ایک طویل راستہ ہے ۔سی بی آئی کے ترجمان آرکے گورو نے بتایا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ ہمیں لندن جانا چاہیے ، یا ہندوستان سے چل رہی حوالگی کے عمل کا حصہ ہونا چاہیے ، ہاں لیکن یہ ضرور ہے کہ حوالگی کا عمل ہماری طرف سے شروع ہو گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سی بی آئی اور ای ڈی کے سینئر افسران مالیا کے خلاف تمام ضروری معاملات کی تفصیلات جمع کرنے کے لیے رابطہ میں ہیں، تاکہ اسے برطانیہ کے قانونی حکام کے سامنے مضبوطی کے ساتھ پیش کیا جا سکے۔اگر مالیا مشن کے لیے کوئی خصوصی ٹیم لندن بھیجی جاتی ہے ،تو وہ سماعت کی تاریخ سے کافی پہلے جائے گی، کم از کم چار سے پانچ دن پہلے۔غور طلب ہے کہ مالیا 17؍مئی کو حوالگی کیس کی سماعت میں شرکت ہوں گے۔ایک افسر کے مطابق، خصوصسی ٹیم میں سی بی آئی اور ای ڈی دونوں محکموں کے افسران کے علاوہ مرکزی حکومت کا بھی کوئی افسر جا سکتا ہے، ٹیم کی قیادت سی بی آئی کے افسران کریں گے نہ کہ ای ڈی ، کیونکہ مالیا کو سی بی آئی کی درخواست پر گرفتار کیا گیا تھا ،نہ کہ ای ڈی کے ایم ایل اے ٹی کے تحت۔خصوصی ٹیم میں ای ڈی کی جانب سے صرف دو یا تین رکن ہی ہوں گے جو ممبئی اور دہلی زونل دفتر سے ہوں گے۔ٹیم میں خاص طور پر وہی لوگ ہوں گے جو مالیا کے منی لانڈرنگ معاملے کو بخوبی سمجھتے ہوں۔
SHARE