دہلی ہائی کورٹ نے پولیس کو عوام کی حفاظت کے لیے فوری قدم اٹھانے کی دی ہدایت 

نئی دہلی،(ملت ٹائمز ایجنسیاں)
عوام کی حفاظت اور سیکورٹی، خاص طور پر خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پولیس فوری طور پر قدم اٹھائے ۔یہ ہدایت دہلی ہائی کورٹ نے پولیس کودی ہے۔جسٹس ایس رویندر بھٹ اور جسٹس یوگیش کھنہ کی بنچ نے کہا کہ فورس میں مزید اہلکاروں کی بھرتی اور زیادہ فارنسک لیب بنانے میں کافی وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ مرکز اور دہلی حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہئے ، جن پر فوری طورسے عمل کیا جا سکے۔ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ دیکھیں کہ عوام، خاص طور پر خواتین اور بچوں کی حفاظت اور سیکورٹی کو فوری طور پر یقینی بنانے کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے۔بنچ نے کہا کہ پولیسنگ زیادہ تر پاش علاقوں میں ہوتی ہے، اس لیے ہمیں دیگر علاقوں جیسے جھگیوں اور دیگر ایسی کالونیوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔بنچ نے مشورہ دیا کہ پولیس اس علاقے کی خواتین اور لڑکیوں سے بات چیت کرکے ان کے سامنے آنے والے مسائل کی معلومات لے سکتی ہے اور اپنے ردعمل کا وقت بہتر بنا سکتی ہے، جبکہ دہلی حکومت اندھیرے مقامات پر روشنی اور سی سی ٹی وی کیمروں کا انتظام کروا سکتی ہے۔ہائی کورٹ نے پوچھا کہ کیا آپ کوئی نفسیاتی جانچ کرتے ہیں یا پھر جسمانی طاقت پر توجہ دیتے ہیں؟ کیا آپ یقینی بناتے ہیں کہ فوجداری معاملات میں مشتبہ لوگ فوج میں شامل نہ ہوں، دہلی پولیس نے اپنے جواب میں کہا کہ صرف میڈیکل جانچ کی جاتی ہے۔
SHARE