دینی تعلیم کا فروغ ،مدارس کا قیام اور مساجد کی تعمیر ہندوستانی مسلمانوں کا طرہ امتیاز رہاہے

حیدر آباد میں مسجد محی السنہ کے سنگ بنیاد کے موقع پر مولانا سید ارشدمدنی کا اظہار خیال
حیدرآباد(ملت ٹائمزعامر ظفر)
دینی تعلیم کا فروغ ،مدارس کا قیام اور مساجد کی تعمیر ہندوستانی مسلمانوں کا طرہ امتیاز رہاہے ،یہاں کے مسلمانوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر ان کاموں کو کیاہے ،موجودہ حالات میں دینی مدارس ومکاتب کا قیام اور ضروری ہوگیاہے اورقابل مبارکباد ہیں وہ لوگ جو مساجد ومدارس قائم کرکے اسلامی شعائر کوفروغ دینے میں مسلسل مصروف عمل ہیں ،ان خیالات کا اظہار مولانا سید ارشد مدنی صاحب صدر جمعیة علماءہند نے حیدر آباد میں ایک مسجد کی سنگ بنیاد ڈالتے ہوئے کیا اور انہوں نے اس موقع پر مزید کہاکہ ملک کے موجودہ حالا ت میں اسلام کی صحیح تعلیم کو عام کرنا اور برادران وطن تک صحیح تعلیم پہونچاناہمارا بنیادی فریضہ ہے ،انہوں نے کہاکہ اہل مدارس کیلئے یہ بھی ضرور ہے کہ وہ غیروں کے درمیان اسلام کی صحیح شبیہ پیش کرے اور غلط فہمیاں دورکرنے کی کوشش کرے ۔
ہم آپ کو بتادیں کہ حیدر آباد کی معروف دینی درس گا دارالعلوم محی السنہ کی مسجد محی السنہ کی سنگ بنیاد جمعیة علماءہند کے قومی صدر حضرت مولانا سید ارشدمدنی صاحب نے اپنے ہاتھوں سے ڈلا ، اس موقع پر صدر جمعیت علماءتلنگانہ و آندھراپردیش حضرت مولانا مفتی محمد غیاث الدین رحمانی قاسمی صاحب بھی بحیثیت سرپرست موجود تھے ۔
مدرسہ کے مہتمم مفتی غفران قاسمی نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں بالخصوص مولانا سید ارشدمدنی صاحب کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ دینی تعلیم کا فروغ اور اسلام کے مشن کو دنیا تک پہونچاناہمارے عزائم میں شامل ہے اور ہم یہ کام کرتے رہیں گے ،ہم آپ کو بتادیں کہ سنگ بنیاد کا یہ پروگرام آج دوپہر کو حیدرآباد میں واقع جل پلی میں منعقد کیا گیا،سنگ بنیاد کی تقریب میں سانم سرینواس گوڑ ‘ایڈوکیٹ جناب خرم ربانی صاحب‘ جناب ڈاکٹر کفیل الرحمن صاحب (پرنسپل ماڈرن اسکو ل مولانا آزاد) ‘ سید تنویر صاحب ‘ جناب محمد معراج الدین صاحب کے علاوہ شہر کے ممتاز علماءکرام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔