گﺅ رکشک غنڈوں کے خلاف بہار میں ایس ڈی پی آئی کا احتجاج

کٹیہار(ملت ٹائمز۔اشفاق ساقی)
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا بہار کے ریاستی صدر نسیم اختر کی قیادت میں گﺅ رکشک غنڈوں کے خلاف بہار کے کٹیہار ضلعی کلکٹر آفس اورشاہد چوک کے روبر و احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر نسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں جو حالات ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ، گائے کے نام پر معصوموں کا قتل اور بھیڑ کے ذریعے کی جانے والی درندگی عام ہوچکی ہے۔ ملک کے مسلمانوں سمیت دلتوں، آدی واسیوں پر ہورہے حملوں کو حکومتیں نہ صرف خاموش تماشائی بن کر دیکھ رہی ہیں بلکہ ان غنڈہ عناصر کی پشت پناہی کررہی ہیں۔ جس سے ملک کی سا لمیت اور جمہوریت پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے اور دستور کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ ریاستی صدر نسیم اختر نے اپنی مذمتی تقریر میں اس طرح کی شر پسند عناصر کو انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے اقلیتوں اور دلتوں پر حملے کرکے انہیں خوف و ہراس کرنے کی کوشش نہ کریں۔ ایس ڈی پی آئی ملک میں ہندوتو ا ایجنڈا کو کسی بھی صورتحال میں نافذ ہونے نہیں دیگی۔ اس احتجاجی مظاہرے میں کٹہیار ضلع کے پارٹی عہدیداران اور کارکنان کے علاوہ دیگر ہم خیال تنظیموں کے رہنما شریک رہے۔