سابقہ حکومت نے ایک طبقہ کی منہ بھرائی کی ہے، ہماری حکومت سب کے مفاد میں کام کررہی ہے
یوپی سرکار کی اسکیموں کافائدہ انہیں ہی ملے گا جو ملک کے آئین کادل سے احترام کرتے ہوں
سی ایم بننے کے بعد پہلی مرتبہ سہارنپور پہنچے یوگی آدتیہ ناتھ نے نہیں کیا کسی نئی سوغات کااعلان،ٹرین حادثے اور گورکھپور پر رہے خاموش، وزیر اعلیٰ کی آمد پر سیکورٹی نظام کافی چست درست
سہارنپور(ملت ٹائمزسمیر چودھری)
یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ آج سی ایم بننے کے بعد پہلی مرتبہ سہارنپور پہنچے جہاں انہوںنے اپنی سرکار کی حصولیابیاں شمار کراتے ہوئے کہاکہ ان کی سرکار بلاتفریق مذہب و ذات تمام طبقات کے مفاد میں کام کررہی ہے، اس دوران وزیر اعلیٰ نے سلاٹر ہاوسز کا ذکرکرتے ہوئے کہا یوپی میں غیر قانونی سلاٹر ہاﺅس نہیں چلنے دیئے جا ئیں گے اور نہ ہی غیر قانونی کان کنی کسی کو کرنے دیجا ئیگی ، افسران کو انتباہ دیا کہ اس کیلئے جواب دہی طے کیجا ئیگی اور جس ضلع میںایسا پایا جائیگا افسروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ یوگی آدتیہ ناتھ آج دوپہر جن منچ ہال میں بی پی ایل زمرہ میں آنے والے مستحقین کو وزیرِ اعظم کی رہائشی اسکیم کے تحت مفت مکانوںاور مفت بجلی کنکشن کی منظوری کے سرٹیفیکٹ تقسیم کرنے کے بعدخطاب کررہے تھے۔تقریباً 25منٹ کے اپنے خطاب میں انہوں نے جہاں سابق اکھلیش حکومت کو نشانہ بنایا وہیں اپنی حکومت اور مرکز کی مودی حکومت کے خوب قصیدے پڑھے مگر کھتولی میں گزشتہ روز پیش آئے بھیانک ریل حادثہ اور گورکھپور کے اسپتال میں 70 سے زائد بچوں کی اموات پر ایک لفظ نہیں بولا۔ انہوں نے کہا کہ انکی سرکار اب غریبوں کیلئے ہیلتھ اسکیم اور غریب لڑکیوں کی شادیوں کی اسکیم شروع کریگی، قابل غور امر یہ ہے کہ یوگی نے کہاکہ ان اسکیموں کا فائدہ صرف انکو ہی ملیگا جو ہندوستان کے آئین کو دل سے مانتے اور اسکا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے صاف کہا کہ کسی ایک خاص فرقہ کو فوکس نہیں کیا جا ئیگا اور نہ ہی کسی کی منھ بھرائی کیجائیگی ، سب کیساتھ مساوی سلوک ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ پولس تھانوں میں جسطرح جنم اشٹمی منائی جائیگی روایت کے مطابق سڑکوں پر کسی کو عید کی نماز پڑھنے سے بھی نہیں روکا جائیگا ، سب تہوار مل جل کر منائے جائیں گے ۔شبیر پور فساد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یوگی نے اس کیلئے مافیا کو ذمّہ دار ٹھہرایا اور اس داغ کو دھونے کا یقین دلایا ،انہوں نے سہارنپور کیلئے کسی خاص سوغات کا تو اعلان نہیں کیا تاہم آرا مشینوں پر سپریم کورٹ کی لگی پابندی ہٹانے کا بھروسہ دلایا ۔انہوں نے سابقہ حکومت پر ایک مخصوص طبقہ کی منھ بھرائی اور وی آئی کے کلچر کو فروغ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ اب یوپی میں سب کیساتھ مساوی سلوک کیا جا ئیگا ۔انہوں نے کہا کہ انکی سرکار نے وزیروں کے خرچ بند کئے اور غریب کسانوں کی راحت کیلئے اس پیسہ کا استعمال کیا ۔انہوں نے کسانوں کے فصلی نقصان کو پورا کرنے اور گنّا کسانوں کی بقایہ رقم ادا کئے جا نے کا دعویٰ کیا اور وقت پر شوگر ملوں کے چلنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ انکی سرکار نے وزیر اعظم رہائشی اسکیم کے تحت مستحق لوگوں کو گھر دینے کے علاوہ بجلی کے مفت کنکشن بھی دینے کا کام کیا۔ انہوں نے کہا ایسے مستحق 7لاکھ لوگوں کو یہ کنکشن دئے جائیں گے ، اسکا آغاز انکی سرکار نے ڈاکٹر بھیم راﺅ کے یومِ پیدائش پر 14اپریل سے کردیا ہے۔انہوںنے سابق حکومت پر غیر مستحقین کو کارڈ دینے کا الزام لگا یا اور کہاکہ نادار اور مفلس لوگوں کو راشن کارڈ سے محروم رکھاگیا۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے پولیس لائن میںپارٹی کے لیڈروں اور عوامی نمائندوں کی میٹنگ لی اور جن منچ کے پروگرام کے بعد انہوں نے سہارنپور کمشنری کے تینوں اضلاع سہارنپور ، مظفر نگر اور شاملی کے تمام افسران کیساتھ کمشنری ترقیاتی کا موں کا جا ئزہ لیا اورضروری ہدایات بھی دیں اور مغربی یوپی میں کانوڑ یاترا نکالے جانے پر افسران اور عوام کی ستائش کی۔ وزیر اعلیٰ لکھنو¿سے بذریعہ طیارہ سرساوہ ایئر فورس اسٹیشن پہنچے اور یہاں سے ہیلی کاپٹر سے پولیس لائن گئے تھے وہاں سے بذریعہ کار وہ جن منچ اور سرکٹ ہاﺅس گئے تھے جہاںسے سرساوہ ایئرفورس اسٹیشن سے بذریعہ طیارہ دہلی روانہ ہوگئے۔وزیر اعلیٰ کے پروگروام سے میڈیا کو کافی دور رکھا گیا ،صرف جن منچ کے پروگرام کے لئے میڈیا پاس جا ری کئے گئے۔وزیر اعلیٰ کی آمد پر سخت حفاظتی بندوبست کئے گئے تھے کئی اضلاع کی پولیس فورس اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کے علاوہ خفیہ ایجنسیاں بھی مستعد رہی ،وہیں شہر کے روٹ کو پوری تبدیل کردیاگیا تھا،جس کے سبب لوگوں کو سخت پریشانی کاسامنا بھی کرناپڑا۔اس دوران رکن پارلیمنٹ راگھو لکھن پال شرما، وزیر سریش رانا،وزیر ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی ،پردیپ چودھری، برجیش سنگھ وغیرہ سمیت بڑی تعداد میںوزراءاور اراکین اسمبلی موجودرہے۔