پٹنہ (ملت ٹائمزپریس ریلیز)
بہار میں آئے سیلاب کی تباہ کار ی تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے ، ایک جگہ کا پانی اترتا ہے تو دوسری جگہ چڑھ جاتا ہے ، لوگوں میں بیداری آجانے کی وجہ سے اب جانی نقصان میں تو کمی آئی ہے ، لیکن مالی نقصان بے تحاشا ہے ، کھیتوں ، باغوں اور فصلوں کی بربادی کو کیوں کر روکا جا سکتا ہے ، جہاں پانی اتر رہا ہے وہاں کئی طرح کی بیماریاں پید ا ہو رہی ہےں ۔ امارت شرعیہ کے نمائندے مسلسل باڑھ سے متاثر علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور پل پل کے حالات کی رپورٹ بھیج رہے ہیں ، ان رپورٹوں کی بنیاد پر اندازہ ہو تا ہے کہ حالات ابھی بھی بہت دگرگوں ہے اور ابھی کافی دنوں تک راحت رسانی کے کام کی ضرورت باقی رہنے والی ہے ۔ امارت شرعیہ سیلاب آنے کے اول دن سے ہی متاثرین کی مدد اور ان کو راحت پہونچانے کی فکر میں لگی ہوئی ہے ، مرکزی دفتر کے علاوہ ذیلی دفاتر سے بھی سبھی سیلاب زدہ علاقو ں میں راحت رسانی کا کام کیا جا رہا ہے ، اور اہل خیر کے تعاون سے اشیائے خوردنی اوربنیادی ضرورت کی چیزیں متاثرین تک پہونچائی جا رہی ہےں ۔ اس سلسلہ میں آج مرکزی دفتر سے دو گاڑیاں سمستی پور کے سیلاب زدہ علاقے سرسیا اور ارریہ کے سیلاب زدگان وغیرہ کے لیے روانہ ہوئی ہیں ۔ ڈھاکہ سے امارت شرعیہ کے قاضی جناب مولانا اطہر صاحب نے اطلاع دی ہے کہ وہاں سراٹھا، شیرنی، وغیرہ کے علاوہ میں امداد پہونچائی گئی ، قاضی محمد ارشد صاحب نے پورنیہ سے اطلاع دی کہ سقما، کولی ٹولہ ، با را عید گاہ، بشن پور، پرسرائے ہریا پور، آسجہ اور سورا جابر وغیرہ میں ریلیف تقسیم کی گئی ، ارریہ کے قاضی مولانا عتیق اللہ قاسمی نے اطلاع دی کہ کل رام پور بدیسری اور کھریا بستی میں ریلیف تقسیم کی گئی ، مظفر پور سے مولانا نور عالم صاحب نے خبر دی کہ کٹرہ بلاک کئے کھونرا، اسلام نگر ، اشرف نگر ، نعیم ٹولہ ، کورٹ محلہ، چت بھگت پور، مرکز محلہ، مسہری وغیرہ میں کل ریلیف تقسیم کی گئی۔ کشن گنج سے مولانا ارشد صاحب قاضی شریعت کشن گنج نے خبر دی کہ بھگال خانقاہ ٹولہ، اتر ٹولہ، پچھم ٹولہ، مدرسہ محلہ ٹولہ ، انگڑ شاہ پور، کٹی چین پور وغیرہ میں ریلیف کا کام کیا گیا ۔مولانا عبد الحق صاحب قاضی شریعت رام پاڑہ کٹیہار نے خبر دی کہ مالا پاڑہ، اتر پاڑہ ، دکھن بستی، ستوا، اڑیا، لگوا، شکار پور، اعظم نگر، مدرسہ ٹولہ، چین ٹولہ، نندال بر ٹولہ، ڈھوم نگر، گوال پاڑہ وغیرہ میں اشیائے خوردنی اور دیگر ضروری چیزیں متاثرین کے درمیان تقسیم کی گئیں ۔ اس کے علاوہ بھی کئی دیگر بستیوں میں راحت رسانی کا کام ہوا ہے اور مسلسل ہو رہا ہے ، اس لیے ممکن ہے کہ بہت سے علاقوں کے نام اس رپورٹ میں ابھی شامل نہ ہوئے ہوں ، آئندہ شامل کیا جائے گا ۔
ناظم امارت شرعیہ نے تمام اہل خیر حضرات کا شکریہ ادا کیا ہے کہ وہ امارت شرعیہ کے اس ریلیف کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور ہر شعبے و طبقے کے لوگ مخلصانہ تعاون کر رہے ہیں ، العصر اسکول پھلواری شریف، نجم مشن ہائی اسکول ، شاد میموریل اسکول، قاضی نور الحسن میموریل اسکول ، اورینٹل کالج پٹنہ ، مولانا آزاد انجینئرنگ کالج کے اساتذہ و طلبہ و طالبات نے اشیائے خوردنی اور نقد رقوم جمع کر کے امارت شرعیہ میں پہونچایا ، جو امارت شرعیہ کے ذریعہ متاثرین تک بھیجا گیا ۔ ناظم صاحب نے ان سب کا شکریہ ادا کیا او ر اپیل کی کہ جب تک امارت شرعیہ کا یہ کام چلتا رہے ایسے ہی اہل خیر حضرات اس میں حصہ لیتے رہےں اور اپنا تعاون نقد رقم یا اشیاءکی شکل میں امارت شرعیہ پہونچاتے رہیں تاکہ ان کو متاثرین تک پہونچانے کا سلسلہ چلتا رہے۔۔





